سرکاری ملازمتیں ان لوگوں کے لیے ہوں جو سرکاری اسکول گئے تھے: جھارکھنڈ کے وزیر

رانچی، جولائی 2: جھارکھنڈ کے ریاستی اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی کے وزیر جگرناتھ مہتو نے بدھ کے روز کہا کہ سرکاری ملازمتوں کو سرکاری اسکولوں میں جانے والے طلبا کے لیے مختص کیا جانا چاہیے۔ مہتو نے کہا کہ ریاستی حکومت ریٍاست میں تعلیمی نظام میں بہتری لانے کے لیے کچھ سخت فیصلے کرنے پر غور کر رہی ہے۔

وزیر نے کہا ’’مجھے یقین ہے کہ سرکاری ملازمتیں صرف ان لوگوں کو دینی چاہئیں جو سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔‘‘

تاہم انھوں نے مزید کہا کہ عوام سے رضامندی لینے کے بعد ہی کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔

مہتو نے مزید کہا ’’نجی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے افراد سرکاری ملازمتوں کے لیے کوشاں ہیں، جو مناسب نہیں ہے۔ سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے لیے لوگوں کو سرکاری اسکول جانا چاہیے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ جھارکھنڈ میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے کچھ سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ بات چیت جاری ہے اور اس سلسلے میں کوئی حتمی فیصلہ لینا ابھی باقی ہے۔ مہتو کے مطابق اساتذہ کو غیر تعلیمی ذمہ داریوں سے بری کرنے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ وہ تدریس پر پوری توجہ مرکوز کرسکیں۔ انھوں نے کہا کہ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کوشش کریں۔

وزیر نے کہا ’’ہمیں بہتر ماحول پیدا کرنا ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ والدین اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں بھیجیں۔‘‘

انھوں نے دعویٰ کیا کہ اگرچہ ریاستی حکومت سرکاری اسکولوں میں ہر بچے پر 20،000 سے 25،000 روپے خرچ کر رہی ہے، لیکن والدین پھر بھی نجی اسکولوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت اپنے منشور میں کیے گئے وعدوں پر کاربند ہے اور موجودہ ڈومیسائل پالیسی میں تبدیلی عوام کے جذبات کے مطابق ضرور کی جائے گی۔