سابق چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی نے راجیہ سبھا ممبر کے طور پر حلف لیا

نئی دہلی، مارچ 19: سابق چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی نے آج جمعرات کو راجیہ سبھا کے ممبر کی حیثیت سے حلف لیا۔ صدر رام ناتھ کووند نے انھیں 17 نومبر 2019 کو چیف جسٹس کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے محض چار ماہ بعد ایوان بالا کے لیے نامزد کیا تھا۔

گوگوئی کے حلف اٹھاتے ہی حزب اختلاف کی جماعتوں کے اراکین نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

راجیہ سبھا میں ان کی نامزدگی حکومت پر تنقید کا باعث بنی ہے۔ گوگوئی نے منگل کے روز کہا تھا کہ پارلیمنٹ میں ان کی موجودگی "مقننہ کے سامنے عدلیہ کے خیالات پیش کرنے کا ایک موقع ہوگا اور اس کے برعکس”۔ انھوں نے مزید کہا تھا کہ وہ حلف اٹھانے کے بعد اس کا انکشاف کریں گے کہ انھوں نے راجیہ سبھا نامزدگی کو کیوں قبول کیا۔

متعدد سیاستدانوں اور سپریم کورٹ کے دو ریٹائرڈ ججوں- مدن بی لوکور اور کورین جوزف نے بھی گوگوئی کی نامزدگی پر تنقید کی ہے۔ لوکور نے کہا تھا کہ اس فیصلے سے عدلیہ کی "آزادی، غیر جانبداری اور سالمیت” کی نئی وضاحت ہوتی ہے۔ دریں اثنا جوزف نے کہا تھا کہ گوگوئی کے ذریعہ راجیہ سبھا کے ممبر کی حیثیت سے ان کی نامزدگی کی منظوری سے عدلیہ کی آزادی پر عام آدمی کا اعتماد متزلزل ہو گیا ہے۔

گوگوئی، جے ایس چیلمیشور، لوکور ار کورین جوزف سمیت ان چار ججوں میں شامل تھے، جنہوں نے 12 جنوری 2018 کو ایک بے مثال پریس کانفرنس کی تھی، تاکہ وہ سپریم کورٹ میں حکومت کی طرف سے ہونے والی تجاوزات کے بارے میں قوم کو متنبہ کریں۔

ریٹائرمنٹ سے ایک دن پہلے گوگوئی نے ایودھیا اراضی کے تنازعہ کیس میں کارروائی کی صدارت کی تھی۔ ان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ ججوں کی آئین بنچ نے متفقہ طور پر متنازعہ ایودھیا پلاٹ کو ایک ٹرسٹ کے لیے الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا جو رام مندر کی تعمیر کی نگرانی کرے گا۔ بنچ نے یہ بھی حکم دیا تھا کہ ایودھیا میں ایک مسجد کی تعمیر کے لیے پانچ ایکڑ زمین الگ دی جائے۔

گوگوئی پر ایک ایسی خاتون نے جنسی ہراسانی کا بھی الزام لگایا تھا جو اس سے قبل سپریم کورٹ میں جونیئر کورٹ کی معاون کی حیثیت سے کام کرتی تھی۔ جس کے بعد انھوں نے 20 اپریل کو خود خصوصی طور پر بلائی جانے والی ایک خصوصی سماعت میں ان الزامات کی تردید کی تھی۔