رفاہ چیمپر آف کامرس کے ذریعے صنعت وتجارت کی حوصلہ افزائی
معاشی ترقی کے لیےپسماندہ اور اقلیتی طبقات کی رہبری۔ نوجوانوں کو اسٹارٹ اپس کی ترغیب
وسیم احمد ،دلّی
’رفاہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ‘ جماعت اسلامی ہند کے ماتحت چلنے والا ایک فعال اور سرگرم ادارہ ہے جو اقتصادی نظام کی تعمیر نو کی کوششیں کررہا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد باشندگان وطن بالخصوص اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کو تعاون اور ویمن امپاورمنٹ کو فروغ دینا ہے۔ یہ سوشل سوسائٹی کے اقتصادی خلا کوپرکرنےکا کام کرتا ہے تاکہ ملک کی جی ڈی پی کو بڑھانے میں مدد دی جاسکے۔ اس ادارے کے تحت ملک بھر میں صنعت و تجارت میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کی رہنمائی اور نئی صنعت و تجارت شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔حالانکہ یہ ادارہ مہاراشٹر میں 2015سے ہی چل رہا ہے اور اس سے ریاست کے سینکڑوں افراد نے فائدہ اٹھاکر صنعتی دنیا میں اپنا مقام بنایا ہے۔ ان فائدوں اور عوام کی دلچسپیوں کو دیکھتے ہوئے اب اس کا دائرہ بڑھا کر مرکزی حیثیت دے دی گئی ہے اور اس کا دائرہ عمل پورے ملک میں پھیلا دیا گیا ہے۔ اس وقت ملک کی 17 ریاستوں میں اس پر کام ہورہا ہے جن میں مہاراشٹر، گجرات، مدھیہ پردیش، تلنگانہ ، گوا اور بہار وغیرہ میں بڑی تعداد میں نوجوان ’ رفاہ ‘ سے رابطہ کرکے رہنمائی حاصل کررہے ہیں۔یہ نوجوانوں کو’ اسٹارٹ اپ‘ کے لیے متعلقہ ضروریات اور نئی تکنالوجی کی رہنمائی کرتاہے ،تاکہ وہ اس پالیسی کے تحت صنعت و تجارت شروع کرسکیں۔عوام میں مزید بیداری لانے اور تاجروں کی رہنمائی کے لیے ’رفاہ‘ مستقل طور پر پروگرام ، سمینار اور ورکشاپ کا انعقاد کرتا رہتا ہے۔ ان پروگراموں میں بتایا جاتا ہے کہ تجارت کیسے کریں، اپنی تجارت کو کیسے شروع کریں، ڈیجیٹل مارکیٹ اور ای کامرس کا استعمال کیسے کریں ، قانونی معلومات کے علاوہ حکومت جو سبسڈی دیتی ہے، اس کے بارے میں معلومات دی جاتی ہیں اور یہ رہنمائی کی جاتی ہے کہ معاشی مندی کے دور میں کس طرح فائنانس کو مینیج کیا جائے اور اس مندی سے نکلنے کے لیے کیا تدبیریں اختیار کی جائیں ، ساتھ ہی یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ اسلامی اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے ہم کس طرح معاشی ترقی کرسکتے ہیں۔’رفاہ ‘ کے جنرل سکریٹری جناب افضل بیگ کے بقول ہم عوام میں بیداری لانے میں پوری طرح سنجیدہ ہیں اور اس موضوع پر اب تک پچاس سے زائد سمینار اور بزنس سمّٹ کرچکے ہیں اور لاک ڈاؤن کے دوران 29آن لائن ویبنار کا انعقاد کرچکے ہیں جو کہ’’کووڈ سے تجارت پر پڑنے والے اثرات، بیکری ،فوڈ پروسیسنگ ، کولڈ اسٹوریج اور پلاسٹک انڈسٹری‘‘ کے عنوانات پر تھے۔اب ان پروگراموں کے مثبت نتائج دھیرے دھیرے سامنے آرہے ہیں۔
اگر کوئی نوجوان اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتا ہے تو اس کے لیے کن امور پر خاص طور پر دھیان دینا ہے، کیا قانونی احتیاجات ہیں اور کم سے کم لاگت میں کوالٹی اور کوانٹیٹی دونوں کو کیسے بہتر بنایا جاسکے ۔نیز مارکیٹنگ میں کیسے پھیلاؤ تیز کیا جاسکے ،پر باضابطہ گائڈ لائن دیے جاتے ہیں ۔ اس سلسلے میں ’رفاہ‘ کے نیشنل ایڈمن جناب صلاح الدین احمدنے بتایا کہ ’’رفاہ اس پیغام کو اپنے ممبروں تک پہنچاتا ہے کہ صرف پیسے کمانے کا نام تجارت نہیں ہے اور نہ ہی مخصوص اور متعین ہدف کو پالینے کا نام تجارت ہے، اگر ہم ایساکرتے ہیں تو ایک کامیاب تاجر نہیں بن سکتے ۔کیونکہ اس متعینہ ہدف تک پہنچ کر ہماری تجارت کا پھیلاؤ رک جائے گا۔حقیقت یہ ہے کہ مصنوعات کو بہتر بنانا اور سوشل نیڈ پر نظر رکھنا کسی بھی تجارت کو کامیاب بنانے کا ٹھوس وسیلہ ہے۔ایسا کرنے کی صورت میں ہماری تجارت نہ صرف ترقی کی طرف رواں ہوگی بلکہ اس کا دائرہ روز بروز بڑھتا ہی جائے گا اور یہی چھوٹا سا کاروبار مستقبل میں بڑی انڈسٹری کی شکل اختیار کرسکتاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ جیسا کہ ہم اس بات کو اچھی طرح جانتے ہیں کہ کسی بھی کاروبار کا تجربہ حاصل کئے بغیر ہم کاروبار میں کوئی نیا آئیڈیا نہیں لاسکتے۔ اس کے لیے ہمیں ماہرین سے رابطہ کرکے ان کے آئیڈیاز کو استعمال کرنا چاہئے۔ اس طرح سے ہم نہ صرف اپنے کاروبار کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ ملک کی جی ڈی پی کو بھی بڑھا نے میں معاون ہوں گے۔ظاہر ہے ہر آدمی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ قومی ذرائع و وسائل سے استفادہ کرے، آپ دوسروں کے لیے کام کرتے ہیں، نوکری کرتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ دوسروں کے خوابوں کی تعبیر بن رہے ہیں۔ ’رفاہ ‘ چاہتا ہے کہ آپ اپنے خوابوں کی دنیابنائیں۔’رفاہ ‘کے ساتھ مل کر اور اس سے رہنمائی لے کر نوکری کرنے کے بجائے خود مالک بنیں اور دوسروں کے لیے روزگار اور خوشحال معاشرے کے حالات پیدا کریں،کیونکہ یہ دور تبدیلیوں کا دور ہے۔
’رفاہ ‘ نے تاجروں کے لیے اور ان افراد کے لیے جو نوکری کی تلاش میں ہیں ،دونوں کے لیے باقاعدہ پورٹل بنایا ہے ۔پہلا پورٹل رفاہ مارٹ ڈاٹ کام (rifahmart.com)کے عنوان سے ہے ۔ اس پر جاکر تجار اپنی مکمل معلومات دے دیں اور یہاں سے دوسرے تاجروں؍ ری سیلروں کی معلومات لے کر ان سے رابطہ کرکے اپنی تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں کوئی کسی طرح کا بھی تعاون اور معلومات ’ رفاہ ‘ سے رابطہ کر کے لے سکتا ہے۔ جہاں تک دوسرے پورٹل کی بات ہے تو یہ رفاہ جابس ڈاٹ کام (rifahjobs.com) کے عنوان سے ہے۔ یہاں کام کے متلاشی اپنا رجسٹریشن کراسکتے ہیں ۔کئی دفعہ کمپنیاں جنہیں افراد کی ضرورت ہے، وہ بھی اپنی ضرورت کا اظہار پورٹل پر کردیتی ہیں اور ضرورت مند ان سے رابطہ کرلیتا ہے ۔ اس طرح روزگار لینے والے اور روزگار دینے والے دونوں کے لیے یہ پورٹل انتہائی کارآمد ہے اور اس سے خوب استفادہ کیا جارہا ہے۔
صنعت و حرفت کو ترقی دینے میں خواتین کے رول کی بھی اپنی اہمیت ہے ۔ معاشرے میں خواتین کو طاقتور بناکر ہم ایک مضبوط معاشی قوت بن سکتے ہیں۔ مگر کسی وجہ سے خواتین گھروں سے باہر نہیں نکل پاتی ہیں ،جبکہ ان میں کرنے کی بہت کچھ صلاحیتیں ہیں۔’رفاہ ‘ ان کو باختیار بنانے کا ایک پروگرام تشکیل دے رہا ہے جس میں انہیں گھر کے اندر رہ کر اشیاء بنانے کے طریقے سکھائے جائیں گے جیسے واشنگ پاؤڈر یا صابن وغیرہ بنانے کے طریقے ۔ایسا انہیں بااختیار بنانے کی غرض سے کیاجارہا ہے اور یہ بات بالکل طے ہے کہ اگر خواتین بااختیار بنائی گئیں تو وہ اپنی مرضی کے مطابق بہت کچھ کرسکتی ہیں اور اس میں پوری قوم اور معاشرے کی بھلائی ہے۔اب وقت آچکا ہے کہ خواتین کی طاقت کو سمجھیں اور زمانے کے رنگوں کو دیکھتے ہوئے ان کی مدد کریں۔ ان کو تعاون دینے ، بااختیار بنانے اور مضبوط کرنے کے لیے ہم انہیں حتی المقدور مدد دیتے ہیں۔
نیٹ ورکنگ اور میٹنگیں کسی بھی کاروبار کا لازمی جزو ہوتی ہیں۔ لہٰذا تجارتی میلے کا حصہ بننا اور صنعت کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کا موقع ملنا ضروری ہے۔ یعنی یہ معلوم رہنا چاہئے کہ اس وقت دنیا میں کیا ہو رہا ہے اور کونسی ٹکنالوجی ابھررہی ہے وغیرہ۔کیونکہ یہ چیزیں براہ راست یا بالواسطہ کسٹمر بیس میں اضافے ، حقیقی سرمایہ کاروں کی تلاش اور نئے کاروباری رابطے پیدا کرکے کاروباری توسیع میں مدد کرتی ہیں۔ اگر بات نیٹ ورکنگ اور تجارتی میلوں پر کی جائے تو ہم تجارتی میلوں کا انعقاد کرتے ہیں تاکہ پروڈکٹ ڈسپلے، بی ٹو بی میٹنگز، مارکیٹنگ اور کاروبار کی تشہیر، کسٹمر اپروچ وغیرہ کو پلیٹ فارم مہیا کیا جاسکے۔ ’رفاہ‘ ملک اور بیرون ملک میں سرکاری یا غیر سرکاری میلے کی جانکاری فراہم کرتا ہے اور عالمی سطح پر ہونے والے میلوں میں یہاں سے وفد کو لے جانے کا بندوبست بھی کرتا ہے۔گزشتہ دو برسوں 2018 اور 2019 میں چین کے شہر Guangzhaugan میں منعقد ہونے والے میلے میں ’ رفاہ ‘ ملک کے وفد کو لے کر جا چکا ہے۔
کسی بھی کاروبار کے لیے فائنانس کی اہمیت کو کم نہیں کیا جاسکتا ،یہ کاروبار کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ فائنانس کے تعلق سے مناسب نظم و نسق کے بغیر کوئی کاروبار ی ادارہ ترقی نہیں کرسکتا اور نہ ہی کامیابی پانے کے لیے اپنی پوری صلاحیتوں کا استعمال کرسکتا ہے۔ سرمایہ کاری پر تحفظ کو یقینی بنانے اور صحیح سرمائے کے ڈھانچے کی منصوبہ بندی کرنے کے لیے مالیات کا ایک مناسب انتظام ضروری ہے۔ اس سلسلے میں ’رفاہ‘ سرمایہ کاری کے مواقع کی منصوبہ بندی کرنے کے لیے بلا سود فائنانس کی بھی رہنمائی کرتا ہے اور سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے مابین پائی جانے والی خلیج کو ختم کرنے کی سمت میں کام کرتا ہے۔ کیونکہ ان دونوں کے درمیان رابطے کے فقدان کا منفی اثر کاروبار پر پڑنا یقینی ہے اور اس منفی اثر کو دور کرنا اور قوم کی معیشت کو مضبوط کرنا ہم اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔