دہلی ہائی کورٹ نے پولیس سے صفورا کے معاملے میں اسٹیٹس رپورٹ درج کرنے کو کہا

نئی دہلی، 18 جون: دہلی ہائی کورٹ نے دہلی پولیس سے کہا ہے کہ وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی طالبہ صفورا زرگر کے معاملے میں اسٹیٹس رپورٹ درج کرے، جسے شمال مشرقی دہلی فسادات کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

صفورا فی الحال تہاڑ جیل میں قید ہے۔

جامعہ کوآرڈینیشن کمیٹی کی ایک رکن صفورا نے، جس نے سی اے اے کے خلاف مظاہرے کا آغاز کیا تھا، چار ماہ کی حاملہ ہونے کی وجہ سے ضمانت کے لیے درخواست دی ہے۔

لائیو لا ڈاٹ اِن کے مطابق جسٹس راجیو شکدر نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ صفورا کے ذریعہ دائر درخواست ضمانت پر اسٹیٹس رپورٹ درج کرے۔ پولیس سے سماعت کی اگلی تاریخ 22 جون تک رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے 4 جون کو صفورا کی ضمانت سے انکار کردیا تھا۔

پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں کہا تھا کہ صفورا نے جعفرآباد میٹرو اسٹیشن کے قریب اشتعال انگیز تقریر کی تھی، جس سے لوگوں کو فسادات پر اکسایا گیا تھا۔ پولیس نے کہا تھا کہ وہ فسادات کی سازش کرنے والوں میں شامل ہے۔