دہلی انتخابات: بی جے پی کے انوراگ ٹھاکر کے خلاف ایف آئی آر کی درخواست عدالت نے مسترد کی
نئی دہلی، اگست 27: دی انڈین ایکسپریس کے مطابق دہلی کی ایک عدالت نے دارالحکومت میں اسمبلی انتخابات کے دوران نفرت انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما پرویش ورما کے خلاف پہلی معلوماتی رپورٹ کے اندراج کی درخواست کو بدھ کے روز مسترد کردیا۔
ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ وشال پہوجا نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے رہنما برندا کرت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے انھوں نے مرکز سے پہلے اجازت حاصل نہیں کی۔
کرت کی قانونی ٹیم سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا انھوں نے اجازت لی ہے تو انھوں نے نفی میں جواب دیا۔ اس کے نتیجے میں مجسٹریٹ نے کہا: ’’شکایت دہندگان کے ذریعہ مجاز اتھارٹی کی طرف سے شکایت میں مبینہ جرموں کے الزام میں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی کوئی منظوری حاصل نہیں ہے۔ لہذا اس شکایت کو مسترد کیا جاتا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 29 جنوری کو ٹھاکر کو ان کی ایک تقریری کے لیے نوٹس جاری کیا تھا جس میں انھوں نے ’’دیش کے غداروں کو، گولی مارو سالوں کو‘‘ کے نعرے لگائے تھے۔ دوسری طرف ورما نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو دہشت گرد قرار دیا تھا۔ انھوں نے انتخابی مہم کے دوران دہلی کے شاہین باغ علاقہ میں شہریت ترمیمی قانون مخالف مظاہرین کے بارے میں بھی قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔