خواتین معاشرے کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں: رحمت النساء

دعوت نیوز نیٹ ورک

جماعت اسلامی ہند شعبہ خواتین کی معاون سکریٹری رحمت النساء بیگم نے لندن میں واقع برینٹ مسجد میں STRIVE.UK نامی تنظیم کے زیر اہتمام خواتین کانفرنس میں شرکت کی۔ اس کانفرنس کا کلیدی عنوان ’’میں اور میری دنیا‘‘تھا ۔رحمت النساء بیگم اس پروگرام کی مہمان خصوصی تھیں جہاں انہوں نے افتتاحی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا ’’ آج بااختیار خواتین کے جذبہء مطابقت کو مزید نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ آج ہندوستان میں خواتین کو اپنی آواز ملی ہے۔ وہ جابرانہ سخت قوانین کے خلاف ڈٹی ہوئی ہیں‘‘۔ لندن میں خواتین کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے رحمت النساء بیگم نے کہا کہ عورت ہونا کوئی کمزوری نہیں بلکہ یہ اعزاز بہت بڑے اور روشن امکانات کا سرچشمہ ہے۔ اگر طاقت کا مثبت انداز میں استعمال کیا جائے تو معاشرے میں یقیناً حیران کن نتائج حاصل ہوسکتے ہیں ۔خواتین کو کمزور طبقہ کے طور پر پیش کرنا دراصل جہالت کی ایک تصویر ہے اس طرح کی تنگ نظری اور متعصبانہ رویہ گناہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام معاشرے کی اصلاح وتعمیر میں خواتین کے تعاون کی حدیں مقرر نہیں کرتا ہے بلکہ اس کی حمایت میں ہدایات بھی مقرر کرتا ہے۔ انہوں نے تاریخ سے آج تک کی مسلمان خواتین اور شاہین باغ کی خاتون مظاہرین کے کرداروں کی مثال پیش کی۔ اس کانفرنس میں برطانیہ ، ہندوستان اور مشرق وسطی کے مختلف مقررین نے شرکت کی۔
کاولت، لامیا، امرت ولسن، کلاڈیا ریڈون، شریفہ فدھل، ساریا، رملہ اختر، رشیدہ حسین، فاطمہ رجینہ، ماہرہ روبی، نسرین ساید اور رگھد التکری نے مباحثے میں حصہ لیا۔
(نوٹ : اس سفر کی مکمل روداد پڑھئے دعوت کے اگلے شمارے میں )