حیدر آباد پولس تصادم معاملے پر سپریم کورٹ میں سماعت 18 کو

نئی دہلی: شہر حیدرآباد کے سائبر آباد پولس کمشنریٹ کے حدود میں 26سالہ خاتون ویٹنری ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت دری اور پھر اس کا قتل کر لاش کو جلادینے کی واردات میں ملوث ملزمین کو پولس تصادم میں مارے جانے کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ عدالت عظمیٰ اس سلسلے میں سماعت 18دسمبرکو کرے گی۔

دوسری طرف حیدر آباد سائبر آباد پولس اس ماہ کے آخر تک اس عصمت دری اور قتل واقعہ سے متعلق چارج شیٹ داخل کر سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولس نے چارج شیٹ داخل کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ اس ماہ کے اواخر میں امکان ہے کہ یہ چارج شیٹ سائبر آباد پولس کی جانب سے داخل کی جائے گی۔اس قتل و عصمت دری معاملہ میں 30گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے ہیں۔ ڈی این اے رپورٹ،فارنسک رپورٹ پولس کے پاس ہے۔ عصمت دری،قتل کی جائے واردات کے قریب کے سی سی ٹی وی فوٹیج کو اہم شواہد مانا جارہا ہے۔