جامعہ تشدد: دہلی پولیس نے ہائی کورٹ میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے قیام کی مخالفت کی

نئی دہلی، اگست 6: پی ٹی آئی کے مطابق دہلی پولیس نے بدھ کے روز جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کے دوران دسمبر میں ہونے والے تشدد کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے قیام کی مخالفت کی۔

دہلی ہائی کورٹ کے سامنے پولیس نے اپنی مخالفت کا اظہار کیا، جو تشدد سے متعلق متعدد درخواستوں کی سماعت کر رہا تھا۔

دہلی پولیس کی طرف سے پیش ہوئے ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل امن لیکھی نے عدالت کو بتایا کہ ایس آئی ٹی کا قیام ’’قانون کو برطرف‘‘ کرنے کے مترادف ہوگا۔

پولیس نے انکوائری کمیشن یا فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کرنے پر بھی اعتراض کیا۔

منگل کے روز دہلی ہائی کورٹ میں درخواستوں کا ایک مجموعہ دائر کیا گیا تھا، جس میں دسمبر میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا پر طاقت کے زیادتی کے استعمال کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

درخواست گزاروں میں سے ایک کے لیے پیش ہوتے ہوئے سینئر ایڈووکیٹ کولن گونسالویز نے کہا تھا کہ اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات ’’آزاد نہیں‘‘ ہیں۔

درخواست گزاروں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ طلبا کو طبی امداد، معاوضہ اور گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کیا جائے۔ انھوں نے طلبہ پر طاقت کا استعمال کرنے والے پولیس افسران کے خلاف پہلی معلوماتی اطلاعات کی رجسٹریشن کا مطالبہ بھی کیا۔

بدھ کی سماعت کے دوران دہلی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ درخواستیں قابل عمل نہیں ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ان مطالبات کو منظور نہیں کیا جاسکتا ہے کیوں کہ پولیس نے تشدد کے سلسلے میں چارج شیٹ داخل کی تھی اور درخواست گزاروں کو معاون عدالت سے معاوضہ طلب کرنا چاہیے تھا۔

دہلی ہائی کورٹ نے اس معاملے کی اگلی سماعت کے لیے 14 اگست کی تاریخ دی ہے۔