تمل ناڈو پولیس کی تحویل میں باپ بیٹے کی موت امریکہ میں جارج فلائیڈ کی موت سے بھی بدترین واقعہ: ابراہم متھائی

چنئی، جون 28: مہاراشٹر کی ریاستی اقلیتی کمیشن کے سابق وائس چیئرمین اور ہارمونی فاؤنڈیشن کے بانی ابراہم متھائی نے کہا کہ تمل ناڈو کے تھوتوکڑی ضلع میں پولیس کی تحویل میں باپ اور بیٹے کی موت امریکہ میں پولیس کے ہاتھوں جارج فلائیڈ کی موت سے بھی بدتر تھی۔

فلائیڈ کو ایک پولیس اہلکار نے امریکی ریاست مینی سوتا میں اس وقت ہلاک کیا جب اسے تحویل میں لیا گیا تھا۔

تمل ناڈو کے تھوتوکڑی ضلع میں ستھنکلم پولیس نے 19 جون کو جے راج اور بینکس، عرف فینکس کو اپنی موبائل کی دکان بروقت بند نہ کرنے پر گرفتار کیا تھا۔ انھیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا تھا اور 21 جون کو کوویل پٹی جیل میں بند کیا گیا تھا۔

جےراج 22 جون کی رات اور ان کے بیٹے بینکس 23 جون کی صبح عدالتی تحویل میں انتقال کرگئے۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ پولیس حملہ ان کی موت کا سبب بنا ہے۔

متھائی نے کہا ’’آج ان لوگوں کا ایک بڑا حصہ خاموش ہے، جنھوں نے جارج فلائیڈ کے معاملے میں کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ جب ہمارے گھر کے قریب ایسا ہے تو، ہماری آواز کو بھی زور سے بلند کیا جانا چاہیے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ قاتل بھاگ نہیں سکتے، اور خاص کر ایسے قاتل جنھیں ہم امن و امان بحال کرنے والے کے طور پر دیکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ پولیس اہلکاروں اور تشدد کی وجہ سے ہونے والی مبینہ اموات میں ملوث دیگر افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بڑھتا ہی جارہا ہے۔