بہار کے حزبِ اختلاف کے رہنما تیجسوی یادو نے شارمک ٹرین میں جاں بحق ہونے والی مہاجر عورت اربینا خاتون کے بچوں کے لیے 5 لاکھ روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا
پٹنہ، مئی 28— بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو نے بدھ کے روز بہار میں ایک شارمک اسپیشل ٹرین میں بھوک اور پانی کی کمی سے فوت ہونے والی خاتون کے دو بچوں کے لیے 5 لاکھ روپے بطور معاوضہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔ مذکورہ خاتون، جس کی شناخت 23 سالہ اربینا خاتون کے طور پر ہوئی ہے، گجرات کے احمد آباد سے سیکڑوں تارکین وطن مزدوروں کے ساتھ آرہی تھی اور مظفر پور ریلوے اسٹیشن سے عین قبل ٹرین میں گر کر فوت ہوگئی۔ وہ اپنے آبائی ضلع کٹیہار جارہی تھی۔ یہ واقعہ عید کے دن 25 مئی کو پیش آیا۔
راشٹریہ جنتا دل کے رہنما تیجسوی یادو نے ٹویٹر پر اس خاندان کو مالی مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
یادو نے ہندی میں ٹویٹ کیا ’’دو سال قبل مہلوکہ اربینا خاتون کا شوہر فوت ہوگیا ہے۔ ہم 5 لاکھ روپے کی مالی مدد پیش کر رہے ہیں جو بچوں کے بالغ ہونے تک فکسڈ ڈپازٹ کے طور پر باقی رہے گی۔ ہم ان کی تعلیم کے لیے بھی فنڈ فراہم کریں گے اور خاندان کے ایک ممبر کو ملازمت فراہم کریں گے، جو ان کی دیکھ بھال کرسکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کھانے اور پانی کی کمی کی وجہ سے ٹرین میں بیمار تھی۔ وہ مظفر پور پہنچنے سے پہلے ہی ٹرین میں گر گئی۔
تاہم مظفر پور کے ضلعی مجسٹریٹ نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ٹرین میں کھانے یا پانی کی کوئی کمی تھی۔
ڈی ایم چندرشیکھر سنگھ کے حوالے سے اے این آئی نے بتایا کہ ’’ہمیں اطلاع ملی کہ 25 مئی کو ٹرین میں سوار ایک خاتون کی موت ہوگئی۔ وہ کٹیہار جارہی تھی، مظفر پور اسٹیشن پر اس کی لاش کو باہر نکالا گیا تھا۔ اسے صحت سے متعلق کچھ مسائل تھے۔ ٹرینوں میں کھانے پینے اور پانی کی عدم دستیابی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر کہرام مچا دیا، جس میں مظفر پور ریلوے اسٹیشن پر خاتون کا چھوٹا بچہ اپنی فوت شدہ ماں کی چادر ہٹا کر اسے بیدار کرنے کی کوشش کرتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ جس کے بعد لوگوں میں غم و غصہ کے ساتھ ساتھ اضطراب پھیل گیا اور متعدد سیاسی، سماجی اور دیگر اہم شخصیات نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اپنے درد کا اظہار کیا۔
معلوم ہو کہ اس مہینے کے پہلے ہفتے سے خصوصی شارمک ٹرینیں چلنا شروع ہونے کے بعد سے اب تک نو مہاجر مزدور اپنے گھروں کی طرف جاتے ہوئے ٹرینوں میں ہلاک ہوگئے ہیں۔