بدر الدین اجمل گروپ آسام کے ایک لاکھ غریب خاندانوں میں راشن تقسیم کرے گا

گوہاٹی، مئی 6— لوک سبھا ممبر مولانا بدرالدین اجمل نے آسام میں جاری لاک ڈاؤن کے تیسرے مرحلے کے دوران ایک لاکھ غریب خاندانوں میں راشن کٹس تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پچھلے کچھ ہفتوں میں دھبری ممبر کی این جی او اجمل سی ایس آر کے ذریعہ تقسیم کردہ 75،000 راشن کٹس کے علاوہ ہے۔

اجمل سی ایس آر کے سی ای او اور آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) کے قومی صدر مولانا اجمل نے کہا ’’ہم نے اب تک 75 ہزار سے زیادہ فوڈ پیکٹس تقسیم کیے ہیں، جن میں سے ہر ایک 5 رکنی کنبے کے لیے 15 دن کے راشن پر مشتمل تھا اور ہم رمضان المبارک کے اس مبارک مہینے میں اس لاک ڈاؤن 3 کے درمیان مزید ایک لاکھ کٹس تقسیم کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔‘‘

کہا جاتا ہے کہ اجمل سی ایس آر شمال مشرقی ہندوستان میں این جی اوز کی سب سے بڑی فیڈریشن ہے۔ جب سے لاک ڈاؤن نافذ ہوا ہے، اس وقت سے ہی اپنے دو اہم شراکت داروں مرکزالمعارف اور اجمل فاؤنڈیشن کے ساتھ، اجمل سی ایس آر غریب اور نادار افراد کے لیے معاشرتی خدمات پیش کر رہا ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن نے لاکھوں غریب افراد کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے، کیوں کہ اس انتہائی متعدی بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کاروبار، دفاتر، صنعتیں اور کمپنیاں بند کردی گئی ہیں۔ ایسی نازک صورت حال میں مختلف سماجی تنظیمیں اور غیر سرکاری تنظیمیں یومیہ مزدوروں، بے گھر افراد اور دیگر متاثرہ لوگوں کو کھانا فراہم کرنے کے لیے آگے آئی ہیں۔

اجمل سی ایس آر نے منگل کو ایک بیان میں کہا ’’ہندوستانی عوام کی حالت زار خصوصاً پورے ملک میں یومیہ مزدوروں، نقل مکانی کرنے والے مزدوروں، گلیوں میں سامان بیچنے والوں، کسانوں، غریبوں اور مسکینوں کی حالت زار میں بدستور اضافہ جاری ہے اور وہ روٹی اور بنیادی ذریعۂ معاش کے لیے رو رہے ہیں۔ صورت حال ان لوگوں کے لیے بدتر ہوتی جارہی ہے جو تارکین وطن مزدور ہیں اور جو روز مرہ کی اجرت پر زندہ رہتے ہیں اور ان کے پاس اتنی رقم نہیں ہے کہ وہ گھریلو اخراجات کی سہولیات فراہم کرسکیں یا اپنے آبائی مقامات پر واپس جا سکیں۔‘‘