بابری مسجد انہدام کیس: سپریم کورٹ نے سی بی آئی کی خصوسی عدالت کی طرف سے فیصلہ دینے کی آخری تاریخ میں 30 ستمبر تک توسیع کی

نئی دہلی، اگست 22: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق سپریم کورٹ نے بابری مسجد انہدام سے متعلق فوجداری مقدمے میں سماعت اور فیصلے کا اعلان کرنے کی آخری تاریخ میں 30 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ مئی میں اعلی عدالت نے خصوصی سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن عدالت کو ہدایت کی تھی کہ وہ اس معاملے میں یومیہ سماعت کرے اور 31 اگست تک فیصلہ سنائے۔

اے این آئی کے مطابق جسٹس روہنٹن نریمن کی سربراہی میں بنچ نے بدھ کے روز اس تاریخ میں توسیع کردی۔

واضح رہے کہ بی جے پی کے سینئر رہنما لال کرشن اڈوانی، مرلی منوہر جوشی اور اوما بھارتی ملزمین میں شامل ہیں۔

سپریم کورٹ نے کہا ’’یہ خیال کرتے ہوئے کہ کارروائی آخری دور میں ہے، ہم ایک ماہ کی مزید مہلت دیتے ہیں، یعنی 30 ستمبر 2020 تک فیصلے کی فراہمی سمیت کارروائی مکمل کی جائے۔‘‘