’آتما نربھر بھارت‘ کے تحت تارکین وطن مزدوروں کے لیے مختص مفت اناج کا صرف 13 فیصد حصہ ہی ان تک پہنچا

نئی دہلی، جولائی 2: سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ’آتما نربھر بھارت‘ کے تحت واپس آنے والے تارکین وطن مزدوروں کے لیے مختص 8 لاکھ میٹرک ٹن مفت خوراک اناج میں سے صرف 13 فیصد ہی تارکین وطن مزدوروں تک پہنچ سکا ہے۔

کورونا وائرس وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے سبب شہروں سے تارکین وطن مزدوروں کی واپسی پر تنقید کے درمیان مئی میں مرکز کے ذریعے یہ اناج مختص کیا گیا تھا۔

صارفین کے امور کی وزارت اور فوڈ اینڈ پبلک ڈسٹری بیوشن کے تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ راشن کارڈ نہ رکھنے والے تقریباً 8 کروڑ تارکین وطن مزدوروں میں سے ہر ایک کو دو ماہ کے لیے ہر ماہ 5 کلوگرام اناج تقسیم کرنے کے مرکز کے اعلان کے خلاف اس میں سے صرف 2.13 کروڑ تارکین وطن مستفید ہوئے۔ مئی میں 1.21 کروڑ اور جون میں 92.44 لاکھ۔

وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے 14 مئی کو اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اناج کی مختص حصہ تقریباً 8 کروڑ تارکین وطن مزدوروں کے لیے تھا۔

وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق تمام 36 ریاستوں اور مرکزی علاقوں نے 6.38 لاکھ میٹرک ٹن، یعنی مئی اور جون میں تارکین وطن مزدورون میں تقسیم کے لیے مختص 8 لاکھ میٹرک ٹن اناج کا 80 فیصد اٹھایا ہے، لیکن انھوں نے 30 جون تک مطلوبہ مستحقین میں صرف 1.07 لاکھ میٹرک ٹن یعنی مختص مقدار کا محض 13 فیصد ہی تقسیم کیا ہے۔

اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کئی ریاستوں نے پورے دو ماہ کا کوٹہ اٹھانے کے باوجود تارکین وطن مزدوروں کو مفت اناج تقسیم نہیں کیا۔

اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کم از کم 26 ریاستوں اور مرکزی علاقوں نے مرکز سے اپنی مختص مقدار کا 100 فیصد حصہ اٹھا لیا ہے، لیکن ان میں سے کسی نے بھی پچھلے دو ماہ میں مستحقین کو پوری مقدار میں وہ اناج تقسیم نہیں کیا۔