اس بار آپ ہمیں نہیں روک پائیں گے: اروندھتی رائے

نئی  دہلی: دہلی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف چل رہے مظاہرے کے بیچ معروف قلمکاراور سماجی کارکن اروندھتی رائے نے کہا کہ ہندوستان  ایک ساتھ کھڑا ہے۔ انھوں نے حکومت کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اس بار آپ ہمیں نہیں روک پائیں گے۔

ایک بیان جاری کرتے ہوئے رائے نے کہا ’’ہندوستان ایک ساتھ کھڑا ہے۔ یہ سرکار پوری طرح سے بے نقاب ہو چکی ہے اور اس کا کوئی بھروسہ نہیں بچا ہے۔ یہ ایک ایسا دن ہے جب محبت اوراتحاد جمع ہوکرشدت پسندی اور کٹرپن کا سامنا کریں گے۔ ہر کوئی غیر آئینی شہریت ترمیمی قانون اور این آرسی کے خلاف احتجاج  میں ساتھ آ رہا ہے۔‘‘

انھوں نے کہا ’’ہم دلت، مسلم، ہندو، عیسائی، سکھ، آدیواسی، مارکسوادی، امبیڈکروادی، کسان، مزدور، ٹیچر،قلمکار، شاعر، پینٹرز اور سب سے زیادہ  طلبا ہیں جو کہ ملک  کا مستقبل ہیں۔ اس بار آپ ہمیں نہیں روک پائیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ ملک بھر میں شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت میں ہورہے احتجاج اور مظاہروں کو روکنے کے لیے دہلی سمیت ملک  کے الگ الگ حصوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، اس کے باوجود لوگ سڑکوں پر اتر کر شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کر رہے ہیں اور اس کو واپس لینے کی مانگ کر رہے ہیں۔

(ایجنسیاں)