اتر پردیش: متاثرین سے ملنے جا رہے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو پولیس نے کیا واپس

شہریت ترمیمی قانون  اور این آر سی کے خلاف میرٹھ میں گزشتہ ہفتے ہوئے پرتشدد احتجاج میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے ملنے جا رہے کانگریس کے رہنما راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو پولیس نے منگل کو شہر میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک دیا۔ راہل اور پرینکا گاندھی کو میرٹھ کے باہر پرتاپور سے ہی واپس لوٹا دیا گیا۔

میرٹھ میں مرنے والوں کے رشتہ داروں سے ملنے کے لیے دونوں رہنماؤں کے دہلی سے روانہ ہونے کی خبر ملتے ہی بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی، راہل گاندھی نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں کوئی حکم نہیں دکھایا گیا، لیکن انہیں واپس جانے کے لیے بول دیا گیا۔ انھوں نے کہا "ہم نے پولیس سے کہا کہ ہم صرف تین لوگ جائیں گے، لیکن وہ راضی نہیں ہوئے”۔ معلوم ہو کہ راہل اور پرینکا گاندھی کے ساتھ سابق ایم پی پرمود تیواری بھی موجود تھے۔