اتر پردیش: رائے بریلی میں چوری کے شبہ میں دلت نوجوان  کی پٹائی، ایف آئی آر درج

نئی دہلی ،16مئی :۔

اتر پردیش کے رائے بریلی کے کوریہار گاؤں میں چوری کے شبہ میں ایک دلت نوجوان کو یرغمال بنا کر  راڈ سے بری طرح پٹائی کی گئی  ۔ متاثرہ کے والد نے گروبخش پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ پولیس نے فوری طور پر چار لوگوں کے خلاف ایس سی/ایس ٹی ایکٹ اور تعزیرات ہند کی دفعہ 342، 427، 307، 506 کے تحت مقدمہ درج کیا۔یہ واقعہ گزشتہ روز جمعرات 11 مئی کو دوپہر کے قریب پیش آیاتھا۔

مکتوب میڈیا کی   رپورٹ کے مطابق 20 سالہ نوجوان جانور چرانے کے بعد گھر واپس جا رہا تھا کہ اسے مبینہ طور پر چار افراد کے گروہ نے اغوا کر لیا۔ وہ اسے ٹاور کے قریب ایک زیر تعمیر عمارت میں لے گئے۔ چوری کا جرم قبول کرنے کے لئے اسے تار اور ہنٹر سے پٹائی کی گئی  ۔

متاثرہ نوجوان  روی کے والد دلیپ کمار نے بتایا کہ  جب مجھے   اطلاع ملی تو میں جائے وقوعہ پر پہنچا اور دور سے اپنے بیٹے کی چیخیں سن سکتا تھا۔ لیکن کوئی اس کی مدد کے لیے نہیں آیا۔ میں نے پولیس کو فون کیا اور جب وہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو مشتبہ افراد دروازہ کھولنے کو تیار نہیں تھے۔ لیکن جب پولیس نے ان پر دباؤ ڈالا تو انہوں نے میرے بیٹے کو چھوڑ دیا۔ مہیپال پاٹھک، سی او، لال گنج، رائے بریلی سے  پوچھے جانے پر انہوں نے  کہا، "دونوں فریقوں کے درمیان کسی خاص معاملے پر جھگڑا ہوا تھا، اور دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے خلاف مناسب دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں۔ معاملہ فی الحال زیر تفتیش ہے۔