آسام سیلاب: ہلاکتوں کی تعداد 104 ہوگئی، سیلاب سے 21 اضلاع کے 1،771 دیہات اب بھی متاثر

گوہاٹی، جولائی 29: آسام میں سیلاب کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 104 تک جا پہنچی ہے۔

منگل کی شام تک سیلاب اور تیز بارش سے ریاست کے 21 اضلاع میں 60 محصولاتی حلقوں کے تحت 1،771 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔

سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع دھیماجی، بسواناتھ، درّنگ، بکسہ، نلباری، بارپیٹا، چیرنگ، بونگئی گاؤں، کوکراجھار، دھبری، جنوبی سلمارا، گولپارہ، کامروپ، کامروپ (میٹرو)، موری گاؤں، ناگون، گولہ گھاٹ، جورہاٹ، سیواساگر اور ڈبرو گڑھ وغیرہ شامل ہیں۔

جورہاٹ، سونیت پور، گولپارہ اور دھبری میں برہم پتر ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی تھی اور جمعرات تک ایک سینٹی میٹر تک اضافے کی توقع ہے۔

آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق آسام کے 398 امدادی کیمپوں میں 42،275 افراد کو پناہ دی گئی ہے۔

کازیرنگا نیشنل پارک، اورنگ نیشنل پارک اور پوبیٹورا وائلڈ لائف سینچرری کے کچھ حصے زیرآب آ رہے ہیں۔ کازیرنگا نیشنل پارک میں اب تک 129 جانور ہلاک ہوچکے ہیں۔

سیلاب میں ہلاک 104 افراد کے علاوہ، تودے گرنے سے بھی کم از کم 26 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔