’’آپ آج صرف نریندر مودی کی وجہ سے زندہ ہیں‘‘: بہار کے وزیر رامسورت رائے نے دیا بیان
نئی دہلی، اگست 2: پیر کے روز ایک ویڈیو وائرل ہوا جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور بہار کے وزیر رامسورت رائے کو کووڈ 19 وبائی مرض سے نمٹنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔
وزیر نے ایک منٹ طویل ویڈیو میں کہا ’’اگر آپ آج زندہ ہیں تو یہ نریندر مودی کی وجہ سے ہے۔‘‘
پی ٹی آئی کے مطابق ویڈیو کلپ میں رائے مبینہ طور پر مظفر پور ضلع میں ایک چھوٹے سے ہجوم سے خطاب کر رہے تھے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ ویڈیو گزشتہ ہفتے شوٹ کی گئی تھی۔
بہار کے ریونیو، لینڈ ریفارمز اور قانون کے وزیر نے کہا ’’پاکستان اور دیگر جگہوں پر کووڈ کی وجہ سے ہونے والی تباہی کو دیکھیں۔ ہمیں مودی کی ویکسین اور معیشت کو سنبھالنے کی ان کی صلاحیت نے بچایا۔‘‘
اس ویڈیو پر انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر سرینواس بی وی نے وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے پوچھا کہ ’’کیا ملک کے شہریوں کو اس کے لیے بھی گڈز اینڈ سروسز ٹیکس ادا کرنے کی ضرورت ہے؟‘‘
رائے نے جون میں ملک میں اگنی پتھ مخالف مظاہروں کے دوران مظاہرین کو ’’آتنکی (دہشت گرد)‘‘ کہہ کر بھی تنازعہ پیدا کر دیا تھا۔
تاہم بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی جنتا دل (یونائیٹڈ) نے بی جے پی کے زیرقیادت مرکز کو نشانہ بنایا تھا، جب ریاست میں ہزاروں افراد نے ٹرین کے ڈبوں کو جلایا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور دفاتر میں توڑ پھوڑ کی۔ واضح رہے کہ دونوں پارٹیاں بہار میں اتحادی ہیں۔