مغربی بنگال: بی جے پی کی نوجوان لیڈر اپنے ساتھیوں سمیت کوکین کے ساتھ گرفتار

مغربی بنگال، فروری 20: دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی یوتھ ونگ کی جنرل سکریٹری پامیلا گوسوامی کو کلکتہ کے نیو علی پور کے علاقے میں جمعہ کے روز اس وقت گرفتار کیا گیا، جب وہ اپنی گاڑی میں 90 گرام کوکین لے کر جا رہی تھیں۔

گوسوامی کے علاوہ دو دیگر افراد پربیر کمار ڈے اور سومناتھ چٹرجی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق ڈے گوسوامی کا دوست ہے اور بھارتیہ جنتا یووا مورچہ میں اس کا ساتھی ہے، جب کہ چیٹرجی ان کا سیکیورٹی گارڈ ہے۔ یہ دونوں افراد بھی گوسوامی کے ساتھ کار میں تھے۔

دی انڈین ایکسپریس کے مطابق ان تینوں پر نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹنس ایکٹ 1985 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور انھیں ہفتے کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس ڈپٹی کمشنر سدھیر کمار نے بتایا ’’اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے نیو علی پور پولیس اسٹیشن نے نیو علی پور میں پرمیشوری بھون کے سامنے ہونڈا بی آر-وی کار کو تلاش کیا۔ تلاشی لینے کے بعد تقریباً 10 لاکھ کی مالیت کا 90 گرام نشہ آور مواد ملا۔‘‘

متعدد رپورٹس میں پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گوسوامی کو اسپاٹ بنایا گیا تھا کہ وہ اکثر اپنی گاڑی کسی خاص جگہ پر کھڑی کردیتی تھی اور اس لیے اس کی تفتیش کی جارہی تھی کہ شاید وہ منشیات کے ریکیٹ کا حصہ ہو۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق بی جے پی کے ریاستی ترجمان سامک بھٹاچاریہ نے کہا کہ قانون اس معاملے میں اپنا راستہ اختیار کرے گا، تاہم یہ بھی کہا کہ یہ ایک سازش بھی ہوسکتی ہے۔ انھوں نے کہا’’پولیس ریاستی حکومت کے کنٹرول میں ہے… کچھ بھی ہوسکتا ہے۔‘‘

تاہم ترنمول کانگریس نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں بی جے پی کی اصل تصویر سامنے آ رہی ہے۔ معلوم ہو کہ اس سے قبل بی جے پی کے کچھ لیڈروں کے نام بچوں کی تسکری کے کیس میں بھی سامنے آئے تھے۔