مغربی بنگال اسمبلی انتخابات: ’’ہم ایک بار بنگال میں جیت جانے کے بعد دہلی میں تبدیلی لائیں گے‘‘، ممتا بنرجی نے کیا دعویٰ
مغربی بنگال، مارچ 18: اے این آئی کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے جمعرات کو کہا کہ وہ مغربی بنگال میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے بعد مرکز میں حکومت بنانے کا ارادہ کریں گی۔
انھوں نے اپنے نعرے ’’پریورتن‘‘ کے، جس نے انھیں 2011 میں اقتدار میں آنے میں مدد کی تھی، کے مقابلے میں بی جے پی کے ذریعے ’’آشول پوریبرتن‘‘ (حقیقی تبدیلی) کے نعرے بلند کرنے پر بھگوا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
کھڑگ پور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’آپ کیوں ’’پوریبرتن‘‘ کہہ رہے ہیں؟ یہ ممتا بنرجی کا نعرہ ہے۔ بنگال میں جیتنے کے بعد ہم اگلا ’’پوریبرتن‘‘ (اگلی تبدیلی) دہلی میں لائیں گے۔ وہ (بی جے پی) خوفزدہ ہیں کہ اگر ممتا بنگال میں جیت جاتی ہیں تو وہ دہلی میں ایک متبادل قوت تشکیل دیں گی جو تمام جماعتوں کو اکٹھا کرے گی۔‘‘
پی ٹی آئی کے مطابق انھوں نے بی جے پی کو شکست دینے کے لیے بائیں بازو کے محاذ اور کانگریس کے ووٹرز سے بھی ترنمول کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ انھوں نے دعوی کیا کہ بائیں بازو کی جماعتوں کے زیرقیادت اتحاد اقتدار میں نہیں آسکے گا لہذا اس کے حامیوں کو ’’اپنے ووٹ ضائع نہیں کرنے چاہئیں‘‘۔
اے این آئی کے مطابق عام بنگالی عرفیت کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا ’’کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کو ووٹ نہ دیں، وہ بی جے پی کی گڈائی ہیں، کانگریس کو ووٹ نہ دیں، وہ بی جے پی کے جگائی ہیں۔ اور بی جے پی فسادی مدھائی ہے۔‘‘
اسی ضلع کے گاربیٹا میں ایک علاحدہ جلسے میں ترنمول کانگریس کی سربراہ نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی قائدین ووٹرز کو پیسے دے کر لالچ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا ’’بی جے پی قائدین باہر سے ہیلی کاپٹروں اور ہوائی جہازوں میں ووٹرز کو راغب کرنے اور ووٹ لوٹنے کے لیے بیگ میں نقد رقم لے کر پہنچتے ہیں۔‘‘