اترپردیش: لکھنؤ میں 18 سالہ لڑکی کے ساتھ آٹورکشہ میں اجتماعی عصمت دری

نئی دہلی، اکتوبر 17: دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق 15 اکتوبر کو لکھنؤ میں ایک 18 سالہ لڑکی کے ساتھ دو افراد کے ذریعہ اجتماعی عصمت دری کرنے کے بعد اتر پردیش پولیس نے اتوار کو پہلی معلوماتی رپورٹ درج کی ہے۔

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی شام اس وقت ہوا جب لڑکی نے اپنی ٹیوشن کلاسز کے بعد گھر واپس جانے کے لیے آٹو رکشہ لیا۔ جب لڑکی اس میں سوار ہوئی تو ایک مرد مسافر گاڑی میں پہلے سے موجود تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اپنی شکایت میں لڑکی نے الزام لگایا کہ آٹو رکشہ ڈرائیور اور اس کے ساتھی نے ایک ویران جگہ پر اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی۔ اخبار کے مطابق دو افراد نے مبینہ طور پر اس کا سر پٹکا اور دھمکی دی کہ اگر اس نے پولیس میں شکایت درج کروائی تو وہ اسے جان سے مار دیں گے۔

ٹائمز آف انڈیا کی خبر کے مطابق لڑکی ان دونوں کے ہاتھ سے چھوٹنے کے بعد پولیس کی گاڑی تک پہنچی اور حکام کو واقعے کے بارے میں بتایا، جہاں اسے گھر جانے کہا گیا اور اگلے دن شکایت درج کرانے کو کہا گیا۔

اتوار کو لڑکی کے اہل خانہ نے واقعہ کے خلاف شکایت درج کرائی۔

ایک نامعلوم پولیس اہلکار نے انڈین ایکسپریس کو بتایا ’’متاثرہ کا طبی معائنہ کرایا گیا ہے اور رپورٹ کا انتظار ہے۔‘‘

اخبار کے مطابق شکایت کنندہ کا بیان بھی پیر کو مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کیا جائے گا۔

ابھی تک اس کیس میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔