اترپردیش: کشی نگر میں شادی کی تقریب کے دوران کنویں میں گرنے کے سبب 13 افراد ہلاک

نئی دہلی، فروری 17: بدھ کی شام اتر پردیش کے کشی نگر ضلع کے ایک گاؤں میں تیرہ خواتین اور لڑکیوں کی، ایک شادی کی تقریب کے دوران غلطی سے کنویں میں گرنے کے سبب موت ہو گئی۔

یہ حادثہ ضلع کے نیبوا نورنگیا گاؤں میں رات 8.30 بجے کے قریب پیش آیا۔ اے این آئی کے مطابق گورکھپور زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اکھل کمار نے کہا کہ کچھ لوگ دیوار کے سلیب پر بیٹھے تھے۔ بھاری بھرکم بوجھ کی وجہ سے سلیب گر گئی۔

ضلع مجسٹریٹ ایس راجلنگم نے کہا کہ اس واقعہ میں دس افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دی پرنٹ کی طرف سے جاری کردہ ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ لوگوں کا ایک گروپ کنویں کے آس پاس کھڑا ہے اور اندر گرنے والے لوگوں کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

راجلنگم نے کہا کہ ضلع انتظامیہ مرنے والوں میں سے ہر ایک کے لواحقین کو 4 لاکھ روپے کا معاوضہ دے گی۔

اے این آئی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے مرنے والوں کے لواحقین کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50،000 روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔

ایک ٹویٹ میں مودی نے کہا کہ یہ حادثہ دل دہلا دینے والا تھا۔ انھوں نے لکھا ’’میں ان لوگوں کے خاندانوں سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جو اس واقعے میں اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ مقامی انتظامیہ ہر ممکن مدد فراہم کرنے میں مصروف ہے۔‘‘

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ نے بھی کشی نگر میں ہوئے اس حادثے کی وجہ سے ہونے والی اموات پر غم کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر کے دفتر نے کہا ’’انھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر بچاؤ اور امدادی سرگرمیاں شروع کریں اور زخمیوں کے مناسب علاج کو یقینی بنائیں‘‘۔