اترپردیش: معذور نابالغہ کے ساتھ عصمت دری کے واقعے کو دبانے کے الزام میں تین پولیس افسران کو معطل کر دیا گیا

نئی دہلی، دسمبر 17: اتر پردیش کے بریلی میں ایک 13 سالہ معذور لڑکی کی عصمت دری کے واقعے کو دبانے کے الزام میں تین پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

معطل ہونے والوں میں دو پولیس انسپکٹر اور ایک سب انسپکٹر شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ 24 نومبر کو سیش گڑھ پولیس اسٹیشن کے تحت ایک گاؤں میں پیش آیا۔

پی ٹی آئی کے مطابق شکایت کنندہ کے مطابق انسپکٹر رام اوتار سنگھ، انسپکٹر نریش پال اور ایک سب انسپکٹر نے ملزم چندرپال سے رقم لی اور عصمت دری کے بجائے چھیڑ چھاڑ کے لیے پہلی معلوماتی رپورٹ درج کرائی۔

شکایت کنندہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملزم اہلکاروں نے پولیس چوکی پر اس کے کپڑے تبدیل کیے اور وہ کپڑے اتار دیے جو اس نے اس وقت پہن رکھے تھے جب اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی تھی۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) راج کمار اگروال نے کہا کہ ملزم پولیس اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق اگروال نے کہا ’’ملزم پولیس اہلکاروں کے خلاف الزامات درست پائے گئے۔ انھیں معطل کر دیا گیا ہے اور ایف آئی آر میں عصمت دری کی دفعات شامل کی جائیں گی۔‘‘