اترپردیش حکومت کا پاپولیشن کنٹرول بل مختلف برادریوں کے مابین عدم توازن بڑھا سکتا ہے: وشو ہندو پریشد

نئی دہلی، جولائی 13: وشو ہندو پریشد نے اتر پردیش کے پاپولیش کنٹرول بل کے مسودے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ’’مختلف برادریوں کے مابین عدم توازن کو بڑھایا جاسکتا ہے۔‘‘

گذشتہ ہفتے اتر پردیش لاء کمیشن نے مجوزہ قانون سازی کا مسودہ جاری کیا تھا۔ اتر پردیش پاپولیشن (کنٹرول، استحکام اور بہبود) بل 2021، میں دو بچوں کی پالیسی کو فروغ دیا گیا ہے۔ بل کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ قانون سازی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بلدیاتی انتخابات لڑنے، سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواست دینے اور سرکاری فلاحی اسکیموں کے تحت سبسڈی حاصل کرنے سے روک دیا جائے گا۔

اس بل کے مسودہ کے مطابق ا س قانون کے تحت 2026 تک ریاست کی مجموعی پیداوار کی شرح کو موجودہ 2.7 سے کم کرکے 2.1 کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی۔ 11 جولائی کو وزیر اعلی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ ’’اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ مختلف برادریوں میں آبادی کا توازن برقرار رہے۔‘‘

اترپردیش لاء کمیشن کو لکھے گئے ایک خط میں وی ایچ پی کے قائم مقام صدر آلوک کمار نے کہا ہے کہ اس میں عدم توازن کے پیچھے کی وجہ یہ ہے کہ ہندو اور مسلم برادری خاندانی منصوبہ بندی اور مانع حمل سے متعلق مراعات اور ناپسندیدگیوں کے بارے میں مختلف انداز میں جواب دیتی ہے۔

کمار نے مثال کے طور پر آسام اور کیرالہ کا حوالہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ ان ریاستوں میں ہندوؤں کی کل زرخیزی کی شرح بدلاؤ کی شرح 2.1 سے بہت کم ہے۔ وی ایچ پی کے سربراہ نے بتایا کہ آسام میں مسلمانوں کے لیے پیداوار کی شرح 3.16 اور کیرالہ میں 2.33 ہے۔ اس خط میں کہا گیا ہے ’’ان ریاستوں میں ایک کمیونٹی ایک طرح کے کنٹریکشن کے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے جب کہ دوسری برادری اب بھی پھیل رہی ہے۔‘‘

وی ایچ پی کے سربراہ نے اپنی بات کو آگے بڑھانے کے لیے چین کی آبادی پر قابو پانے کے اصولوں میں نرمی کا حوالہ بھی دیا۔ مئی میں چین نے تین بچوں تک کی اجازت دی تھی۔ اس سے پہلے چین میں ایک بچے کی پالیسی تھی، جو بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لیے 1970 کی دہائی کے آخر میں نافذ کی گئی تھی۔ پھر دو بچے پیدا کرنے کی اجازت دینے کے لیے اسے 2016 میں ختم کردیا گیا تھا۔ تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ دو بچوں کی پالیسی میں عمر کے مسئلے کا مقابلہ کرنے کے لیے درکار تاثیر نہیں ہے۔

کمار نے اپنے خط میں کہا ہے کہ مسودہ قانون کے کچھ حصے، جو سرکاری ملازمین اور دوسروں کو پالیسی پر عمل کرنے کے لیے مراعات دیتے ہیں، مجوزہ قانون سازی کے مقصد سے الگ ہیں۔

وی ایچ پی کے سربراہ نے کہا ’’معاہدہ کرنے والی آبادی میں، کام کرنے کی عمر اور منحصر آبادی کے درمیان تناسب خراب ہوجاتا ہے۔ ایک انتہائی معاملے میں ایک بچے کی پالیسی سے ایسی صورتِ حال پیدا ہوسکتی ہے جہاں دو والدین اور چار دادا دادی نانا نانی کی دیکھ بھال کرنے کے لیے صرف ایک ہی ورکنگ عمر کا بالغ ہو۔ چین میں، جس نے 1980 میں ون چائلڈ پالیسی اپنائی تھی، اسے 1-2-4 رجحان کہا جاتا تھا۔ اس پر قابو پانے کے لیے چین کو اپنی ایک بچے کی پالیسی میں نرمی لانی پڑی۔‘‘

دریں اثنا بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے پیر کو کہا کہ صرف قوانین ہی آبادی میں ہونے والے اضافے پر قابو پانے میں معاون ثابت نہیں ہوں گے بلکہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے تعلیم ضروری ہے۔

انھوں نے کہا ’’یہ بہت سارے تحقیقی کام کے بعد معلوم ہوا ہے کہ اگر خواتین تعلیم یافتہ ہوں تو نسل نو کی شرح مؤثر طریقے سے کم ہوجاتی ہے۔ بہار نے لڑکیوں کے درمیان تعلیم کو فروغ دینے کے ساتھ اس کا تجربہ کیا ہے اور کامیابی حاصل کی ہے۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو 2040 کے بعد ریاست میں آبادی میں منفی اضافہ ہوگا۔‘‘

وہیں اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ آدتیہ ناتھ حکومت امن و امان کے مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے یہ بل لا رہی ہے۔

ریاست میں حزب اختلاف کے لیڈر رام گووند چودھری نے کہا ’’اگر کسی کی دو بیٹیاں ہیں تو کیا وہ ایک بیٹے کی امید میں تیسرے بچے کی خواہش نہیں کر گا۔ آبادی پر قابو پانے کا قانون پہلے ہی موجود ہے۔‘‘

کانگریس کے رہنما سلمان خورشید نے اتر پردیش حکومت سے کہا کہ وہ اس قانون کو بنانے سے قبل یہ بتائے کہ اس کے وزرا کے کتنے ’’جائز اور ناجائز بچے‘‘ ہیں۔ انھوں نے کہا ’’سیاست دانوں کو یہ بتانا چاہیے کہ ان کے کتنے بچے ہیں۔ میں بھی یہ بتاؤں گا کہ میرے کتنے بچے ہیں اور پھر اس پر تبادلۂ خیال کیا جانا چاہیے۔‘‘

وہیں سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ شفیق الرحمن برق نے اس بل کو ’’انتخابی پروپیگنڈا‘‘ قرار دیا۔ انھوں نے کہا ’’وہ [بھارتیہ جنتا پارٹی] ہر چیز کو ایک سیاسی زاویے سے دیکھتے ہیں۔ وہ صرف انتخابات جیتنا چاہتے ہیں اور عوام کے مفاد میں کوئی فیصلہ نہیں لیتے۔ چوں کہ اسمبلی انتخابات آرہے ہیں، لہذا انھیں اس کی فکر ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے ہم ان کو جیتنے نہیں دیں گے۔‘‘