میرٹھ میں قومی گیت نہ گانے پر اے آئی ایم آئی ایم لیڈروں کے ساتھ جھڑپ کے بعد بی جے پی کے دو کونسلر گرفتار
نئی دہلی، مئی 27: اتر پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے دو کونسلروں کو میرٹھ میں نو منتخب میئر اور کونسلروں کی حلف برداری کے موقع پر قومی گیت وندے ماترم نہ گانے پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رہنماؤں کے ساتھ جھڑپ کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔
تاہم بعد میں ان دونوں کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
اسٹیشن ہاؤس آفیسر یوگیندر سنگھ نے کہا کہ پولیس نے جمعہ کی رات ایک اے آئی ایم آئی ایم کونسلر کے شوہر دلشاد سیفی کی شکایت کی بنیاد پر بی جے پی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
تقریب کے دوران پریشانی اس وقت شروع ہوئی جب حیدرآباد کے ایم پی اسد الدین اویسی کی قیادت والی اے آئی ایم آئی ایم کے کونسلروں نے وندے ماترم گانے سے انکار کردیا۔ جائے وقوعہ پر موجود پولیس اہلکاروں نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے ارکان کو الگ کیا اور حالات کو قابو میں کیا۔
بی جے پی کے کونسلر راجیو کالے نے بھی AIMIM کے آٹھ کونسلروں کے خلاف مبینہ حملہ کی جوابی شکایت درج کرائی ہے۔ راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ لکشمی کانت باجپائی نے بھی قومی ترانے کی مبینہ توہین پر شکایت درج کروائی تھی۔ تاہم پولیس نے بتایا کہ ان شکایات کے سلسلے میں ابھی تک کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔
سیفی کی شکایت کے سلسلے میں بی جے پی کے تین کونسلروں راجیو کالے، اتم سینی اور کویتا راہی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 147 (فسادات)، 323 (رضاکارانہ طور پر چوٹ پہنچانا)، 352 (حملہ یا مجرمانہ طاقت) اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
چورسیا نے کہا کہ پولیس نے اس کے بعد کالے اور سینی کو جمعہ کی شام کو گرفتار کر لیا اور بعد میں انھیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔