نئی ہدایات کے مطابق ٹی وی چینلز کو روزانہ 30 منٹ تک قومی اہمیت پر مبنی مواد دکھانا ہوگا

نئی دہلی، نومبر 9: ہندوستان میں سیٹلائٹ ٹیلی ویژن چینلز کے اپ لنکنگ اور ڈاؤن لنکنگ کے رہنما خطوط 2022 کے مطابق اب ٹیلی ویژن چینلز کے لیے قومی اہمیت اور سماجی مطابقت کے مواد کو روزانہ 30 منٹ تک دکھانا لازمی ہوگا۔

بدھ کو مرکزی کابینہ نے ان قواعد کو منظوری دی تھی۔

مرکزی وزارت نشریات اور اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق نئے قوانین دو سیٹلائٹ رہنما خطوط کی جگہ لے لیتے ہیں جن پر سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو پہلے عمل کرنا پڑتا تھا۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نئے رہنما خطوط نے ان اجازتوں کو ختم کر دیا ہے جو چینلز کو لائیو ٹیلی کاسٹنگ پروگراموں سے پہلے لینا پڑتا تھا۔ تاہم ٹی وی چینلز کو لائیو ٹیلی کاسٹ کے لیے ایونٹس کی پیشگی رجسٹریشن کی ضرورت ہوگی۔

نئے رہنما خطوط میں نئے چینلز کو اجازت دینے کے لیے مخصوص ٹائم لائنز بھی مقرر کی گئی ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ اور دیگر حکام سے منظوری حاصل کرنے کے 30 دنوں کے اندر مرکزی وزارت نشریات اور اطلاعات کو پہلے سال کے لیے سیکیورٹی ڈپازٹ اور اجازت کی فیس جیسی دیگر رسمی کارروائیوں کے لیے خط جاری کرنے کی ضرورت ہوگی۔

درخواست دہندگان کے مطلوبہ شرائط کو پورا کرنے کے بعد وزارت نشریات و اطلاعات کو 15 دنوں کے اندر اجازت دینا ہوگی۔

نئے قوانین کے مطابق خبر رساں ادارے اب ایک سال کے بجائے پانچ سال کے لیے اجازت لے سکتے ہیں۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اب ایک چینل کو ایک سے زیادہ سیٹلائٹ استعمال کرکے اپلنک کیا جاسکتا ہے، جب کہ اس وقت صرف ایک ایسی سہولت کی اجازت ہے۔