ترکی میں پڑھنے کی دلچسپی رکھتے ہیں تو یہ اسٹوری آپ کے لیے ہی ہے
’برسلاری اسکالر شپ‘ پاکر خوابوں کی تکمیل کیجیے۔اعلی تعلیم کے خواہش مند توجہ دیں۔ 20 فروری آخری تاریخ
افروز عالم ساحل
ترکی میں پڑھنے کی دلچسپی رکھتے ہیں تو یہ اسٹوری آپ کے لیے ہی ہے۔ آپ کو جان کر خوشی ہوگی کہ تعليمی سال 2022ء میں بيچلر، ماسٹر و پی ايچ ڈی کورسیز داخلہ کے لیے ملنے والی ترکی کی مشہور و معروف ’برسلاری اسکالر شپ‘ میں رجسٹریشن کی شروعات ہو چکی ہے۔ آپ 20 فروری 2022 تک اس اسکالرشپ کے لیے فارم بھر سکتے ہیں۔
اس اسکالرشپ کے تحت دنیا بھر کے قریب پانچ ہزاربین الاقوامی طلباء کو ترکی کی ممتاز ترین یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ اس اسکالرشپ کی خاص یہ بات یہ ہے کہ یہ نہ صرف مالی معاونت، ٹیوشن فیس، رہائش اور ہیلتھ انشورنس پر مشتمل ہے بلکہ اعلیٰ تعلیم کی تمام سطحوں پر آپ کو تعلیمی، سماجی اور ثقافتی سہولیات بھی فراہم کرتی ہے۔ آپ کو آپ کی اپنی پسند کی يونيورسٹی ميں نہ صرف مفت داخلہ ملے گا، بلکہ پورے تعلیم کے دوران آپ کی پوری فیس معاف ہوگی۔ ساتھ ہی رہائش کے ماہانہ خرچ کے ساتھ ساتھ آپ کو کھانے پینے کے خرچ کے لیے ماہانہ وظیفہ بھی ملے گا۔ یہی نہیں، اس اسکالرشپ کو پانے میں اگر آپ کامیاب ہوجاتے ہیں تو اس کے تحت آپ کو ايک بار اپنے ملک سے ترکی آنے اور جانے کا ہوائی ٹکٹ بھی ملے گا۔ یعنی تعلیم کے دوران آپ کو اپنی جیب سے پیسہ بالکل بھی خرچ نہیں کرنا پڑے گا۔
یاد رہے کہ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلبا کے لیے ترکی ایک بہترین انتخاب ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ترکی میں 207 یونیورسٹیاں ہیں اور ان 207یونیورسٹیوں میں تقریباً 40 ہزار سے زائد مختلف پروگرامس پڑھائے جاتے ہیں۔ اس اسکالرشپ کے مشہور ہونے کا اندازہ آپ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ گزشتہ سال اس اسکالرشپ کے لیے 178ممالک کےایک لاکھ 65 ہزار511 بین الاقوامی طلبا نے اسے پانے کے لیے فارم بھرا تھا۔
یہ اسکالرشپ کسے ملے گی؟
یہ اسکالرشپ دنیا کے تمام ممالک کے شہریوں کے لیے ہے۔ جو کم از کم بارہویں پاس یا گریجویٹ ہوں۔ وہ لوگ بھی اس اسکالرشپ کے لیے فارم بھر سکتے ہیں، جو موجودہ تعلیمی سال کے اختتام پر یعنی اگست 2022 سے پہلے فارغ التحصیل ہوں گے۔ یاد رہے کہ وہ لوگ جن کے پاس جمہوریہ ترکی کی شہریت ہے اور وہ لوگ جنہوں نے کسی بھی وجہ سے اپنی ترک شہریت کھو دی ہے وہ اس اسکالرشپس کے لیے اہل نہیں مانے جائیںگے۔ یا پھر وہ لوگ جو فی الحال ترکی کی کسی بھی کالج یا یونیورسٹی میں طالب علم ہیں، وہ اس اسکالرشپ کے لیے درخواست نہیں دے سکتے۔
یہ اسکالرشپ پانے کے لیے کیا ہے ضروری؟
سب سے پہلے آپ کے پاس پاسپورٹ کا ہونا لازمی ہے۔ اگر آپ کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے اور آپ اس اسکالرشپ کو پانے کے خواہش مند ہیں تو آپ کو ارجنٹ پاسپورٹ کےلیےدرخواست دينی چاہیے۔ اگر ابھی کردیا تو یقیناً آپ کو 20 فروری سے پہلے آپ کا پاسپورٹ مل جائے گا۔
یہ اسکالرشپ پانے کے لیے انڈرگریجویٹ امیدواروں کے لیے کم از کم 70 فیصد نمبروں کا ہونا ضروری شرط ہے۔ ماسٹر اور پی ایچ ڈی میں داخلہ کے لیے آپ کے پاس 75 فیصد نمبروں کا ہونا ضروری ہے۔ ہیلتھ سائنسز یعنی میڈیسین، ڈینٹیسٹری اور فارمیسی جیسے کورسیز کے امیدواروں کے لیے کم از کم 90 فیصد نمبرات ہونے چاہئیں ۔
عمر: انڈرگریجویٹ کورسیز کے لیے آپ کی عمر 21 سال سے کم ہونی چاہیے۔ ماسٹر کورسیز کے لیے 30 سال اور پی ایچ ڈی کے لیے آپ کی عمر 35 سال سے کم ہونی چاہیے۔ پی ایچ ڈی کے بعد 45 سال تک کے عمر کے امیدواروں کو ریسرچ اسکالرشپ کے لیے اہل مانا جاتا ہے۔
یہ باتیں بھی جاننی ہیں ضروری
ترکی کی زیادہ تر یونیورسٹیوں میں زیادہ تر کورسیز ترکی زبان میں ہی پڑھائے جاتے ہیں۔ تاہم، کچھ محکمے اور کچھ یونیورسٹیوںمیں انگریزی و عربی زبان کی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ اگر آپ انگریزی یا عربی میڈیم کے کورسیز میں داخلہ چاہتے ہیں تو آپ کو بین الاقوامی سطح پر قبول شدہ زبان کی مہارت کا سرٹیفکیٹ فراہم کرانا ہوگا۔ انگریزی زبان والوں کے لیے TOEFL یعنی (Test of English as a Foreign Language) کا سرٹیفیکٹ دینا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ان پروگراموں میں سے زیادہ تر بین الاقوامی داخلہ ٹیسٹ کے نتائج جیسے GRE، GMAT، SAT، وغیرہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ امیدوار آن لائن فارم میں پروگراموں کا انتخاب کرتے وقت ہدایات کی زبان کو چیک کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ خاص طور پر انڈر گریجویٹ امیدوار جو قومی امتحان کے اسکور کے بجائے SAT یا GCSE جیسی بین الاقوامی قابلیت رکھتے ہیں، انہیں ان بین الاقوامی امتحانات کے مطابق سیکنڈری اسکول مکمل کرنے کے لیے درکار کم از کم مطلوبہ قابلیت فراہم کرنے کی ضرورت ہوگی۔
یہی نہیں، اس اسکالرشپ کے پانے کے بعد اگر آپ کے پاس ترکی زبان میں C1 لیول کا سرٹیفکیٹ نہیں ہے تو آپ کو ایک سالہ ترک زبان کے کورس میں شرکت کرنا ہوگا اور اپنے تعلیمی سال کے اختتام تک C1 لیول کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ اس اسکالرشپ کے تحت یہ کورس پوری طرح مفت ہوگا، اس کے لیے آپ سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔
کیسے بھریں آن لائن فارم؟
سب سے پہلےآپ کو اس https://tbbs.turkiyeburslari.gov.tr لنک پر کلک کرکے خود کو رجسٹر کرنا ہوگا۔ رجسٹر آپشن پر کلک کرتے ہی آپ کے سامنے ایک چھوٹا سا فارم کھل کر آئے گا، جہاں آپ کو اپنے نام، جنسیت، شہریت، یوم پیدائش، ای میل وغیرہ سے متعلق معلومات دینی ہوگی۔ اس کے سبمٹ کرنے کے بعد آپ کے دیے گئے میل پر آپ کو ایکٹیویشن ای میل آئے گا۔ اس ای میل پر دیے گئے ایکٹیویشن لنک پر آپ کو کلک کرنا ہوگا۔ اس پر کلک کرتے ہی آپ کا ایکٹیویشن مکمل ہو جائے گا۔ یاد رکھیں کہ ایکٹیویشن ای میل کی میعاد صرف 48 گھنٹے کے لیے ہوتی ہے، یعنی آپ نے 48 گھنٹوں کے اندر اس لنک پر کلک کرکے ایکٹیویشن کا کام مکمل نہیں کیا تو آپ کو پھر سے دوسرے ای میل پر رجسٹریشن کرنا ہوگا۔ یاد رکھیں! کبھی کبھی ایکٹیویشن ای میل اسپیم کے طور پر بھی آتا ہے، اس لیے اسپیم فولڈر کو ضرور چیک کرنا چاہیے۔
رجسٹریشن کے بعد آپ کو فارم میں اپنی ذاتی معلومات، خاندانی تفصیلات، اپنا پتہ، تعلیمی تفصیلات، مثلاً آپ کو مزید کون سی زبانیں آتی ہے اس کی جانکاری، آپ کی تعلیمی قابلیت، آپ کے پاس اگر کسی کام کا تجربہ ہے، یا آپ نے سماجی سرگرمیوں میں حصہ لیا ہے۔ ترکی کا کوئی تجربہ اگر آپ کے پاس ہے، یا ترکی میں تعلیم کیوں حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ یہ سب کی تفصیلات آپ کو اس فارم میںدینی ہوںگی۔
آپ کو اس فارم کے ساتھ اپنا ڈپلوما اپلوڈ کرنا ہوگا۔ یاد رہے کہ آپ کا یہ ڈپلوما آپ کی پچھلی تعلیم کو ثابت کرتا ہو یا طالب علم کا ایک تازہ ترین سرٹیفکیٹ جس میں یہ بتایا گیا ہو کہ آپ ابھی بھی اس اسکالرشپ کی سطح کے مطابق تعلیم حاصل کر رہے ہیں جس کے لیے آپ درخواست دے رہے ہیں۔ یہ دستاویز پی ڈی ایف، جے پی ای جی، پی این جی یا جی آئی ایف یعنی کسی بھی فارمیٹس میں ہوسکتا ہے۔ لیکن اس کی سائز 5 ایم بی سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔ اس کے ساتھ آپ کو اپنے رزلٹ کی کاپی بھی اپلود کرنا ہوگا۔
اس کے علاوہ آپ کو اپنا شناختی دستاویز اور ایک پاسپورٹ سائز تصویر جس میں کان سمیت آپ کا پورا چہرہ نظر آئے اور جو گزشتہ 6 مہینوں کے اندر لی گئی ہو، اپلوڈ کرنا ہوتا ہے۔ اگر آپ نے GRE اور SAT کے امتحانات بھی دیے ہیں تو اس کا رزلٹ بھی آپ کو اپلوڈ کرنا ہوگا۔ یعنی فارم میں آپ کچھ بھی بھر رہے ہیں، اس کے سپورٹ میں آپ کو ہر ڈاکیومنٹ ضرور اپلوڈ کرنی چاہیے۔ بہتر ہے کہ فارم بھرنے سے پہلے اپنے تمام سرٹیفیکٹس اور دستاویزات کو اچھے طريقے سےاسکين کرکے اپنے سسٹم میں محفوظ کرلیں۔
فارم مکمل ہو جانے کے بعد سائٹ آپ کی تعليمی سطح کے مطابق يونيورسٹيز اور پروگرام خود سامنے رکھ دے گی، آپ کو ان ميں سے اپنی پسند کی يونيورسٹی اور پروگرام منتخب کرنا ہوگا۔ اس کے بعد آپ اس فارم کو سبمٹ کر سکتے ہیں۔
اس فارم کو مکمل کرنے کے عمل میں تقریباً 30تا 60منٹ لگ سکتے ہیں۔ لیکن یہ ضروری نہیں ہے کہ اسے ايک ہی بار ميں مکمل کیا جائے، آپ مختلف مواقع پر لاگ اِن ہوکر اس فارم کو مکمل کر سکتے ہيں۔ آپ کے پاس یہ موقع 20فروری تک ہے۔ لیکن کوشش کرنی چاہیے کہ آخری تاریخ سے پہلے اس فارم کو سبمٹ کردیا جائے، کیونکہ کبھی کبھی آخری دن ویب سائٹ پر لوڈ زیادہ ہونے کی وجہ سے تکنیکی مسئلہ آسکتا ہے اور آپ فارم بھرنے سے محروم رہ سکتے ہیں۔
فارم بھرنے کے بعد کیا؟
آپ کے فارم بھر دینے کے بعد آپ کی فارم کی جانچ بنیادی معیارات کی بنیاد پر کی جاتی ہے جیسے کہ آپ کے نمبر کتنے ہیں یا آپ کی عمر کتنی ہے۔ اگر آپ اس میں ان کے معیار پر کھرے اترتے ہیں تو پھر ماہرین کی کمیٹی مختلف معیارات مثلاً تعلیمی حیثیت، سابقہ قابلیت، تعلیمی دلچسپیاں، کریئر کے اہداف، ترجیحات کی مستقل مزاجی اور سماجی سرگرمیوں میں شرکت کے لحاظ سے آپ کی درخواست پر غور کرتی ہے۔
اس مرحلے کے بعد انٹرویو کے عمل کے لیے اہل امیدواروں کی حتمی فہرست مرتب کی جاتی ہے۔ اگر آپ کی درخواست منتخب ہو گئی ہے تو ای ميل کے ذريعے آپ کو اس کی اطلاع مل جائے گی۔ اس ای میل میں آگے کے مراحل کے ليے آپ کو مکمل رہنمائی دی جائے گی۔
واضح رہے کہ منتخب امیدواروں کا جائزہ ماہرین تعلیم اور ماہرین پر مشتمل انٹرویو کمیٹیوں کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ یہ انٹرویو عام طور پر پندرہ منٹ تا آدھے گھنٹے کا ہوتا ہے۔ اسی دوران آپ کے تمام دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی ہوتی ہے۔ اس کے بعد انٹرویو کمیٹیوں کے ذریعہ کیے گئے درخواست دہندگان کے انٹرویوز کے نتائج کا سلیکشن کمیٹی کے ذریعہ کیا جاتا ہے اور ان درخواست دہندگان کی فہرست تیار کی جاتی ہے جو اسکالرشپ حاصل کریں گے۔
***
***
بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلبا کے لیے ترکی ایک بہترین انتخاب ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ترکی میں 207 یونیورسٹیاں ہیں اور ان 207یونیورسٹیوں میں تقریباً 40 ہزار سے زائد مختلف پروگرامس پڑھائے جاتے ہیں۔ اس اسکالرشپ کے مشہور ہونے کا اندازہ آپ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ گزشتہ سال اس اسکالرشپ کے لیے 178ممالک کےایک لاکھ 65 ہزار511 بین الاقوامی طلبا نے اسے پانے کے لیے فارم بھرا تھا۔
ہفت روزہ دعوت، شمارہ 30 جنوری تا 5فروری 2022