میگھالیہ میں بی ایس ایف اہلکاروں نے مویشیوں کو لے جانے والے ٹرک کے ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا

نئی دہلی، مئی 7: اتوار کو میگھالیہ کے مشرقی خاصی پہاڑیوں میں بارڈر سیکورٹی فورس کے ذریعہ مویشیوں کو لے جانے والے ایک 32 سالہ ٹرک ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

روننگ نامی ڈرائیور اس وقت مارا گیا جب ماوشون گاؤں میں ایک چیک پوسٹ کی حفاظت پر مامور بی ایس ایف اہلکاروں نے اس کے ٹرک پر فائرنگ کی۔ یہ گاؤں ہندوستان اور بنگلہ دیش کی سرحد سے تقریباً 17 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

ملزم اہلکاروں نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی کیوں کہ انھیں خدشہ تھا کہ ٹرک ان پر چڑھ جائے گا۔ تاہم متوفی کے رشتہ دار ربالسکھیم، جو ٹرک میں بھی تھا، نے الزام لگایا کہ بی ایس ایف کے افسران نے پوائنٹ بلینک رینج سے فائرنگ کی۔

میگھالیہ فرنٹیئر بی ایس ایف کے انسپکٹر جنرل پردیپ کمار نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا ’’ہم کیس کے حقائق کا پتہ لگائیں گے۔ واقعہ میں ملوث تین اہلکاروں کو مقام سے واپس لے لیا گیا ہے اور وہ شیلانگ میں فرنٹیئر ہیڈ کوارٹر واپس جا رہے ہیں۔‘‘

ایسٹ خاصی ہلز ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل) کے تحت پنورسلا پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے ’’ہم نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ اٹھایا ہے۔‘‘