2014 میں اقتدار پانے والے 2024 میں نہیں آئیں گے: نتیش

نئی دہلی، اگست 10: آٹھویں بار بہار کے وزیر اعلی بننے والے نتیش کمار نے وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لیے بغیر آج کہا کہ مستقبل کو کوئی نہیں جانتا، جو سال 2014 میں اقتدار میں آئے وہ 2024 میں اقتدار میں واپس نہیں آئیں گے۔

  بدھ کو یہاں راج بھون میں وزیر اعلیٰ کے عہدے اور رازداری کا حلف لینے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر کمار نے وزیر اعظم مسٹر مودی کا نام لیے بغیر کہا، ”مستقبل کے بارے میں کوئی نہیں جانتا۔ 2014 میں اقتدار میں آنے والے 2024 میں واپس نہیں آئیں گے۔ چاہے ہم رہیں یا نہ رہیں، وہ 2024 میں نہیں ہوں گے۔ پورے ملک میں اپوزیشن کوپھر سے کھڑا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ اپوزیشن ختم ہو جائے گی لیکن انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ اب وہ (مسٹر کمار) اپوزیشن میں ہیں۔

  سال 2024 میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے پوری اپوزیشن سے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی پارٹی جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کی طاقت اس وقت کم ہوئی جب انہوں نے بی جے پی کے ساتھ 2020 کے اسمبلی کا انتخاب لڑا جبکہ یہ تب بہتر تھا جب انہوں نے 2015 کا اسمبلی انتخاب راشٹریہ جنتادل کے ساتھ لڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی ماہ میں ہونے والی سیاسی پیش رفت سے سب واقف ہیں اور صحیح وقت پر حقائق پیش کئے جائیںگے۔

  مسٹر کمار نے کہا، "ہم نے ان کی حمایت کی لیکن جے ڈی یو کو ہی ختم کرنے کی ان کی طرف سے کوششیں کی گئیں۔ اسی لیے ہم پرانی جگہ پر چلے گئے۔” سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی اور موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان فرق کے بارے میں پوچھے جانے پر، انہوں نے کہا، "وہ بہت پیار کرتے تھے۔اسے ہم بھول نہیں سکتے۔ اس وقت بات اور تھی۔ اٹل جی اور اس وقت کے لوگوں کا جو پیار تھا، اسے بھلایا نہیں جا سکتا۔

  وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا لیکن جے ڈی (یو) کے سابق قومی صدر آر سی پی سنگھ پر طنز کرتے ہوئے کہا، "ہم نے ایک آدمی دیا تھا، وہ تو ان کا ہی ہو گیا۔” انہوں نے کہا کہ بہار اسمبلی کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا۔