تمل ناڈو: دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد 17 بچے بیمار ہو گئے، کھانے میں مبینہ طور پر چھپکلی پائی گئی
نئی دہلی، ستمبر 21: دی ہندو کی خبر کے مطابق پیر کے روز تمل ناڈو کے ضلع کڈلور کے ایک آنگن واڑی مرکز میں دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد بیمار ہونے پر سترہ بچوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق پوڈھانگتی گاؤں کے آنگن واڑی مرکز کے بچوں نے کھانا کھانے کے بعد چکر آنے کی شکایت کی، جس کھانے میں مبینہ طور پر چھپکلی تھی۔ کچھ بچوں نے قے کی اور بے ہوش ہو گئے۔
کھانے کے نمونے جانچ کے لیے بھیجے گئے ہیں۔ کڈلور کے ضلع کلکٹر کے بالاسبرامنیم نے اسپتال کا دورہ کیا اور کہا کہ بچوں کی حالت مستحکم ہے۔
ڈسٹرکٹ کلکٹر آفس کے ایک عہدیدار نے بتایا ’’ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ بچوں کو دی جانے والی پلیٹوں میں سے ایک میں چھپکلی ملی ہے۔ ہسپتال میں داخل تمام 17 بچوں کو آج (منگل) کو چھٹی دے دی گئی ہے۔‘‘
عہدیدار نے بتایا کہ کلکٹر نے فوڈ سیفٹی افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ واقعہ کی انکوائری کریں اور ضلع بھر کے تمام آنگن واڑی مراکز میں کھانے کے معیار کو بھی چیک کریں۔
بالاسبرامنیم نے کہا کہ مجرم پائے گئے افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے کہا کہ انھیں اس واقعے کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا اور ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔
تامل ناڈو میں آنگن واڑی مراکز پہلے کورونا وائرس وبائی امراض کی وجہ سے بند تھے۔ پابندیوں میں نرمی کے بعد وہ یکم ستمبر سے دوبارہ کھل گئے ہیں۔