تمل ناڈو: 2015 میں ایک دلت شخص کے قتل کے الزام میں 10 افراد کو عمر قید کی سزا سنائی گئی

نئی دہلی، مارچ 8: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق مدورائی کی خصوصی سیشن عدالت نے تمل ناڈو میں ذات پات پر مبنی جرم میں 10 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی۔

5 مارچ کو جج ٹی سمپتھ کمار نے تمل ناڈو کے نمکّل ضلع میں 2015 میں ایک دلت شخص کے قتل کے لیے 17 میں سے 10 ملزمان کو مجرم قرار دیا تھا۔

متوفی گوکل راج کو اس وقت اغوا کر کے قتل کر دیا گیا جب اس کے گؤنڈر برادری کی ایک خاتون کے ساتھ تعلقات کا شبہ تھا۔

23 جون 2015 کو گوکل راج کو تروچین گوڈ ارتھانریشورار مندر سے اغوا کیا گیا تھا اور اگلے دن اس کی لاش پالی پالیم میں پٹریوں کے قریب سے ملی تھی۔

اس کیس کے مرکزی ملزم ایس یوراج، کونگو ویلّر ذات کی تنظیم کے صدر جس کو دھیرن چنّاملائی پیروائی کہا جاتا ہے، کو تین الزامات میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے اور پانچ دیگر کو دہری عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ دی نیوز منٹ کے مطابق دو دیگر مجرموں کو عمر قید کے ساتھ ساتھ پانچ سال قید اور 5000 روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جو اغوا، مجرمانہ سازش، بھتہ خوری، مجرم کو پناہ دینے اور درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ 1989 کے تحت سزائیں تجویز کرتے ہیں۔