سبودھ کمار جیسوال کو سی بی آئی کا نیا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا
نئی دہلی، مئی 26: پی ٹی آئی کے مطابق سنٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس کے سربراہ سبودھ کمار جیسوال کو منگل کے روز دو سال کی میعاد کے لیے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کا نیا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔
مہاراشٹر کیڈر سے تعلق رکھنے والے 1985 بیچ کے آئی پی ایس افسر جیسوال نے ریاست کے پولیس چیف کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ انٹیلیجنس بیورو اور ریسرچ اینڈ انیلاسس ونگ پر بھی ان کے گہرے اثرات رہے ہیں۔
پیر کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں تین رکنی پینل نے جیسوال، ڈائریکٹر جنرل آف سشستر سیما بل کمار راجیش چندر اور وزارت داخلہ کے خصوصی سکریٹری وی ایس کے کومودی کو اس اعلی عہدے کے ممکنہ امیدواروں کے طور پر منتخب کیا تھا۔
پینل کی 90 منٹ کی میٹنگ پیر کی شام وزیر اعظم کے گھر پر ہوئی۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ادھیر رنجن چودھری اور چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا بھی اس پینل کے ممبر تھے۔
اجلاس میں چودھری نے انتخاب کے طریقۂ کار پر اپنی رائے درج کی۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ پرسنل اینڈ ٹریننگ نے ناموں کے انتخاب میں ایک ’’آرام دہ اور پرسکون انداز‘‘ اختیار کیا ہے۔
109 افسران کی ایک فہرست سے، چودھری کو پیر کے روز دوپہر 1 بجے کے قریب 10 شارٹ لسٹڈ ناموں کی مکمل دستاویزات ارسال کی گئیں اور شام کے ساڑھے 6.30 بجے اجلاس سے چند گھنٹے پہلے مزید چھ نام بھیجے گئے تھے۔ کانگریس کے رہنما نے مبینہ طور پر کہا کہ ناموں کو رکھنا یا ہٹانا سلیکشن کمیٹی کی ذمہ داری ہے، نہ کہ محکمہ کے عملہ کی۔
دریں اثنا رمنا نے سپریم کورٹ کے سابقہ فیصلوں میں درج مختلف ہدایات کے مطابق قانون کی حکمرانی پر عمل کرنے پر زور دیا۔