ایس بی ایف نے لانچ کی ملک گیر صفائی مہم 40 این جی اوز کا ملا ساتھ

مزاحیہ آرٹسٹ احسان قریشی، آر جے نوید سمیت متعدد مذہبی و سماجی رہ نماوں نے بڑھایا ہاتھ

نئی دہلی : (پریس ریلیز) جب تک ہندوستان کےایک ایک شہری کا ہر قدم صفائی کے لیے نہیں اٹھے گا صفائی کی یہ مہم کام یاب نہیں ہو سکے گی،اسی خیال کو عملی شکل دینے کے لیے کے لیے ملک گیر سطح پر ناگہانی آفات میں راحت اور بازآبادکاری کے لیے کام کرنے والی تنظیم سوسا ئٹی فار برائٹ فیوچر نے آج سے ایک سال تک کے لیے ایک مہم کا آغاز "ہرقدم سوچھتا کی اور” کا دہلی کے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں منعقد ایک تقریب سے کیا جس میں مختلف مذاہب کے لیڈر سماجی کارکنان آرٹ اور کلچر سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔ اور سبھی نے صفائی کی اس مہم میں اپنی حصے داری نبھانے کی بات کی ہے۔ ایس بی ایف کے نیشنل کو آرڈینیٹر عرفان احمد نے مہم کا تعارف کرایا اور ایس بی ایف کے میدان عمل کے بارے میں بتایا۔
جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر انجینئر محمد سلیم نے عملی نمونہ پیش کرنے کی بات کی تو مشہور و معروف ریڈیو جاکی نوید نے صفائی کے پیغام کو روایت سے ہٹ کر الگ ڈھنگ سے پیش کرنے بات کہی، برہما کماری کی محترمہ حسین نے کہا کہ اگر ہمارااندرون بہتر ہوگا تو باہر بھی بہتر نتائج کی امید کی جاسکتی ہے۔ شری آچاریہ گو سوامی مہاراج نے خود احتسابی کی دعوت دی اور مہم کی کام یابی میں ہر فرد کو اپنا رول نبھانے کی تلقین کی ، مسیحی رہ نما فادر ایم ڈی تھامس کا کہنا تھا کہ جس تنظیم نے یہ کام شروع کیا ہے اس کے نام کے معنیٰ ہی روشن مستقبل کے لیے کوشاں افراد کا گروپ ہے ہم توقع کرتے ہیں کہ یہ مہم ضرور کام یاب ہوگی، اس مہم میں ہر شہری کو جوڑنے کے لیے کام کریں۔
ہمالیہ ڈرگس کمپنی کے سربراہ ڈاکٹر سید فاروق نے معاشرے کو اپنی سماجی ذ مہ داریوں کو جاننے سمجھنے اور اسے ادا کرنے کی جانب متوجہ کیا۔ سابق ایم پی مہابل مشرا کی شرکت نے حاضرین کو انتہائی جذباتی کر دیا کیوں کہ وہ اہلیہ کو اسپتال میں داخل کرنے کے فوراً بعد اپنے وعدے کے مطابق سیدھے پروگرام ہال پہنچے اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سکھ رہ نما گیانی رنجیت سنگھ نے کہا کہ اس مہم میں جہاں کہیں ہماری ضرورت محسوس کریں گے ہم آپ کے ساتھ ہوں گے۔ ایس بی ایف کے صدر نصرت علی نے اس موقع پر سبھی شرکا کا شکریہ ادا کیا اور مہم کی کام یابی کے لیے سبھی کا ساتھ لینے کی بات کہی۔ پروگرام کو معروف مزاحیہ آرٹسٹ احسان قریشی کی شرکت نے گلزار بنا دیا انھوں نے اپنے انداز میں حاضرین کو ہنسایا بھی اور ان پر مہم سے وابستہ ہونے کی ضرورت اور اہمیت بھی واضح کی۔
پروگرام کے مہمان خصوصی نیتی آیوگ کے اعلیٰ افسر منوج کمار اپادھیائے نے صفائی سے متعلق حکومت کی کاوشوں کو پیش کیا اور ایس بی ایف کی اس مہم کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی،انھوں نے کہا کہ کوئی حکوت تبھی کام یاب ہوگی جب عوام کا ساتھ ملے۔
ابھی ایک روز قبل ہی ایس بی ایف نے الشفا ہاسپٹل جامعہ نگر کے سامنے کوڑے کے ڈھیر کو ہٹانے کے لیے باقاعدہ اپنے والینٹیرس کے ساتھ صفائی کی ہے، اچھی بات یہ ہے کہ ایس بی ایف کی اس مہم میں 40 این جی اوز ساتھ آئی ہیں، یہ مہم صرف دہلی یا جامعہ نگر تک محدود نہیں ہوگی بلکہ یہ ملک گیر مہم ہے جس کے تحت ایسے 100 مقامات جہاں غیر قانونی کوڑے ڈالے جاتے ہیں انھیں ختم کرنے کے عزم کے ساتھ اس مہم کا اغاز ہوا ہے۔
اس سے قبل آج صبح 50 سا ئیکلسٹوں نے الشفا ہاسپٹل جامعہ نگر سے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر تک سائیکل مارچ بھی کیا، ہاسپٹل کے ڈائیریکٹر کرنل صفدر ظفر نے انھیں جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ سبھی لوگ آشرم چوک، حضرت نظام الدین ہوتے ہوئے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر پہنچے۔