پیوش گوئل کے یوپی میں کیرالہ کی راہباؤں پر حملے کی تردید سراسر جھوٹ اور نہایت شرمناک ہے: پنارائی وجین

نئی دہلی، مارچ 30: کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین نے منگل کے روز مرکزی وزیر پیوش گوئل کے اس بیان پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا کہ اتر پردیش میں ٹرین کے سفر کے دوران عیسائی راہباؤں کے گروپ پر کوئی حملہ نہیں ہوا تھا۔ وجین نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ ’’سفید جھوٹ‘‘ بولتے ہیں۔

واضح رہے کہ 24 مارچ کو کیرالہ کی چار راہباؤں کو جھانسی میں ریلوے پولیس نے تفتیش کے لیے ٹرین سے اترنے پر مجبور کیا تھا، جب ہندوتوا گروپ بجرنگ دل کے ممبروں نے ان پر زبردستی مذہبی تبادلوں کا الزام عائد کیا تھا اور انھیں ہراساں کیا تھا۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلی اور ایک تنازعہ کھڑا ہوا۔

تاہم گوئل نے پیر کو اس الزام کو مسترد کردیا کہ راہباؤں پر حملہ کیا گیا اور انھوں نے وجین پر اس معاملے میں ’’جھوٹے بیانات‘‘ دینے کا الزام لگایا۔ مرکزی وزیر نے کوچی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’’کسی بھی راہبہ پر کوئی حملہ نہیں ہوا تھا۔ ریاست (کیرالہ) کے وزیر اعلی جب ایسا کہتے ہیں تو وہ مکمل طور پر جھوٹ بول رہے ہیں اور جھوٹے بیانات دے رہے ہیں۔‘‘

وجین نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گوئل ’’سفید جھوٹ‘‘ بول رہے ہیں اور وہ مجرموں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ مرکز کی جانب سے ’’آر ایس ایس کے ایجنڈے‘‘ کے نفاذ کا ثبوت ہے۔ وجین نے مزید کہا ’’اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اقلیتیں اور جو لوگ اس ملک میں جمہوریت چاہتے ہیں مرکزی حکمرانی کے تحت وہ محفوظ نہیں ہیں۔‘‘

وزیر اعلی نے کہا کہ راہباؤں پر حملے گائے کے نام پر مسلمانوں پر حملوں کی طرح ہی تھے۔

دریں اثنا کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے بھی بی جے پی پر اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اس واقعے کی مذمت صرف اس وجہ سے کی ہے کہ انتخابات ہونے والے ہیں۔ شاہ نے 21 مارچ کو ضلع کنجرپلی میں تقریر کرتے ہوئے اس معاملے میں کارروائی کا وعدہ کیا تھا۔

پرینکا گاندھی نے مزید کہا ’’انھیں (راہباؤں) کو ٹرین سے کھینچ لیا گیا، وہ خوفزدہ تھے اور ان کی حفاظت کرنے والا کوئی نہیں تھا۔ جب بی جے پی اور آر ایس ایس خواتین کی حفاظت کے بارے میں کھوکھلے بیانات دیتے ہیں تو یہ ایک طنز ہے کیوں کہ وہ خواتین کا احترام نہیں کرتے ہیں۔‘‘

گاندھی نے کہا کہ انتخابی سیزن کے علاوہ بی جے پی قائدین اپنا سارا وقت خواتین کو یہ بتاتے ہوئے گزارتے ہیں کہ کیا پہننا ہے، کس طرح کام کرنا ہے اور کہاں جانا ہے۔