مغربی بنگال میں لوگوں نے ممتا بنرجی کو الوداع کہنے کا فیصلہ لے لیا ہے: جے پی نڈا
مغربی بنگال، فروری 6: بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا نے آج کہا کہ مغربی بنگال کے عوام نے ریاست کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں وزیر اعلی ممتا بنرجی کو ’’الوداع‘‘ کہنے کا فیصلہ لے لیا ہے۔ ریاست کے کسانوں کے لیے چلائی جانے والی پارٹی کی ایک مہم ’’کرشک سرکشا یوجنا‘‘ کے تحت ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نڈا نے یہ بیان دیا۔
ندڈا نے کہا ’’ممتا جی، مغربی بنگال کے عوام نے انتخابات میں آپ کو ٹاٹا، گڈ بائے، نمستے کہنے کا فیصلہ لے لیا ہے۔‘‘
پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق نڈا نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ممتا بنرجی نے ریاست میں مرکز پی ایم-کسان اسکیم کے نفاذ کی اجازت نہیں دی، کہا کہ وہ کسانوں کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہیں۔
انھوں نے کہا ’’ممتا نے (مغربی) بنگال کے کسانوں کو پی ایم-کسان اسکیم کے فوائد سے محروم کرکے جو کیا وہ ایک ناانصافی ہے۔ انھوں نے اپنی انا کی تسکین کے لیے ریاست میں اس فلاحی پروگرام کے نفاذ کی اجازت نہیں دی۔ پچھلے دو سالوں سے پچھتر لاکھ کسان چھ ہزار روپے کی سالانہ امداد سے محروم ہیں۔‘‘
معلوم ہو کہ نریندر مودی حکومت کے ذریعے 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل شروع کی گئی وزیر اعظم کسان اسکیم کسانوں کو سالانہ 6000 روپے کی آمدنی کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
نڈا نے روڈ شو بھی کیا اور مالدہ میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی موجودگی میں کسانوں کے ساتھ لنچ کیا۔
بعدازاں ہفتہ کے روز نڈا ضلع نادیہ میں ریاستی سطح پر ’’پریورتن یاترا‘‘ کا آغاز کرنے والے ہیں۔ دریں اثنا مغربی بنگال پولیس نے کہا ہے کہ انھوں نے نڈا کے پروگرام کی اجازت دی ہے، لیکن ریلی کی اجازت نہیں دی۔ تاہم بی جے پی کی قیادت کا کہنا ہے کہ وہ اپنے پروگرام کے ساتھ آگے بڑھے گی۔