این وی رمنا کو سپریم کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کیا گیا، 24 اپریل کو لیں گے حلف
نئی دہلی، اپریل 6: بار اینڈ بینچ کی خبر کے مطابق صدر رام ناتھ کووند نے آج جسٹس این وی رمنا کو ہندوستان کا نیا چیف جسٹس مقرر کیا۔ رمنا 24 اپریل کو اس عہدے کا حلف لیں گے۔
وہ اس عہدے پر فائز ہونے والے 48 ویں فرد ہوں گے اور ان کی میعاد 26 اگست 2022 کو ختم ہوگی۔
President Appoints Justice NV Ramana as the next Chief Justice of India#NVRamana #ChiefJusticeofIndia pic.twitter.com/XEWxELWOTK
— Bar & Bench (@barandbench) April 6, 2021
پچھلے ماہ چیف جسٹس آف انڈیا ایس اے بوبڈے نے اس عہدے کے لیے سپریم کورٹ کے دوسرے سینئر ترین جج رمنا کی سفارش کی تھی۔ اس کے کچھ ہی گھنٹے بعد سپریم کورٹ نے آندھرا پردیش کے وزیر اعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی جانب سے رمنا کے خلاف دائر کی جانے والی تعصب اور طاقت کے ناجائز استعمال کی شکایت کو خارج کردیا تھا۔
رمنا نے فروری 1983 میں آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں ایک وکیل کی حیثیت سے اندراج کیا تھا۔ انھوں نے مختلف سرکاری تنظیموں کے پینل وکیل کے طور پر بھی کام کیا ہے۔
انھوں نے مرکزی انتظامیہ کے لیے ایک اضافی قائمہ وکیل اور مرکزی انتظامیہ ٹریبونل، حیدرآباد میں ریلوے کے قائمہ وکیل کے طور پر بھی کام کیا۔ وہ آندھرا پردیش کے اضافی ایڈووکیٹ جنرل بھی تھے۔
27 جون 2000 کو انھیں آندھرا پردیش ہائی کورٹ کا مستقل جج مقرر کیا گیا۔ انھوں نے 10 مارچ 2013 سے 20 مئی 2013 تک آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کی حیثیت سے کام کیا۔ انھیں 2 ستمبر 2013 کو دہلی ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنا دیا گیا اور 2014 میں وہ سپریم کورٹ میں ترقی پاگئے۔