کورونا وائرس: دہلی میں 30 اپریل تک رات 10 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان ’’نائٹ کرفیو‘‘ نافذ رہے گا

نئی دہلی، اپریل 6: اے این آئی کے مطابق آج دہلی حکومت نے قومی دارالحکومت میں رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک فوری اثر کے ساتھ نائٹ کرفیونافذ کردیا ہے۔ یہ پابندی 30 اپریل تک نافذ رہے گی۔

یہ فیصلہ شہر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے درمیان لیا گیا ہے۔ پیر کے روز دہلی میں 3،548 واقعات اور 15 اموات کی اطلاع ملی تھی۔ شہر میں مسلسل چار دنوں سے یومیہ 3،000 سے زیادہ کیسز سامنے آرہے ہیں۔

اس سے قبل جمعہ کے روز وزیر اعلی اروند کیجریوال نے وائرس کی نئی لہر کے تیزی سے بڑھنے کا اعتراف کرنے کے باوجود کہا تھا کہ ان کی حکومت شہر میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا ارادہ نہیں کررہی ہے۔

وزیر اعلی نے لوگوں سے کوویڈ 19 سے متعلق حکومت کے رہنما خطوط کی پیروی کرنے کی درخواست کی تھی اور مرکزی حکومت سے درخواست کی تھی کہ وہ بغیر کسی عمر کی شرط کے تمام لوگوں کو ویکسین دینے کی اجازت دے۔ انھوں نے مرکز سے اسپتالوں اور صحت کے مراکز کے علاوہ دیگر سہولیات پر بھی ویکسین فراہم کرنے کے انتظامات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

پیر کے روز دہلی حکومت نے فیصلہ کیا کہ کورونا وائرس ویکسینیشن سینٹر چوبیس گھنٹے کام کریں گے۔