کوئی بھی کسی کو وارننگ نہیں دے سکتا، ججوں کی تقرری پر مرکز کو سپریم کورٹ کے الٹی میٹم کے بعد کرن رجیجو کا بیان
نئی دہلی، فروری 5: مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو نے ہفتہ کو کہا کہ ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے گا اور کوئی بھی کسی کو وارننگ نہیں دے سکتا۔
رجیجو نے یہ بیان جسٹس ایس کے کول کی زیرقیادت سپریم کورٹ کی بنچ کے ذریعے سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے پانچ ججوں کی ترقی کے لیے کالجیم کی سفارش کو منظور کرنے کے لیے مرکز کو 10 دن کا الٹی میٹم دینے کے ایک دن بعد دیا ہے۔
بنچ نے سفارشات کی منظوری میں مرکز کی طرف سے غیرمعمولی تاخیر سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کے دوران کہا ’’ہمیں ایسا موقف لینے پر مجبور نہ کریں جو بہت تکلیف دہ ہو۔‘‘
بنچ نے متنبہ کیا کہ اس معاملے میں کسی بھی طرح کی تاخیر کے نتیجے میں ایسی انتظامی اور عدالتی کارروائیاں ہو سکتی ہیں جو ’’خوشگوار نہیں ہو سکتیں۔‘‘
کالیجیم نے دسمبر میں راجستھان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پنکج متھل، پٹنہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سنجے کرول، منی پور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پی وی سنجے کمار، پٹنہ ہائی کورٹ کے جج احسن الدین امان اللہ اور الہ آباد ہائی کورٹ کے جج منوج مشرا کی سپریم کورٹ میں ترقی کی سفارش کی تھی۔ ان کے نام تقریباً دو ماہ سے حکومت کے پاس زیر التواء تھے۔
اگرچہ مرکز نے ہفتہ کو ان پانچ ججوں کے ناموں کو کلیئر کر دیا، لیکن رجیجو نے پریاگ راج میں ایک پروگرام میں کہا ’’کبھی کبھی ملک میں کچھ معاملات پر بات چیت ہوتی ہے اور جمہوریت میں ہر ایک کو اپنی رائے کا اظہار کرنے کا حق ہے۔ لیکن ذمہ دار عہدوں پر بیٹھے لوگوں کو کچھ بھی کہنے سے پہلے سوچنا ہوگا کہ اس سے ملک کو فائدہ ہوگا یا نہیں۔‘‘
وزیر قانون نے کہا کہ ملک کے آقا یہاں کے عوام ہی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم صرف کارکن ہیں۔ ’’خود کو اس عظیم قوم کے کارکن کے طور پر دیکھنا، خدمت کا موقع دینا کافی ہے۔‘‘
ججوں کے انتخاب کے طریقۂ کار کے بارے میں ایگزیکیٹو اور عدلیہ کے درمیان جاری تصادم کے درمیان رجیجو کا یہ تبصرہ آیا ہے۔ پچھلے کچھ مہینوں میں رجیجو اور نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے ججوں کی تقرری کے کالیجیم نظام پر بار بار تنقید کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ یہ مبہم ہے۔
وزیر قانون نے کہا تھا کہ نیشنل جوڈیشل اپائنٹمنٹ کمیشن جسے سپریم کورٹ نے 2015 میں ختم کردیا تھا، بہتر تھا۔
نیشنل جوڈیشل اپوائنٹمنٹ کمیشن ایکٹ میں چیف جسٹس، سپریم کورٹ کے دو سینئر ججز، وزیر قانون اور چیف جسٹس، وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے نامزد کردہ دو دیگر نامور افراد پر مشتمل ایک باڈی کے ذریعے عدالتی تقرریاں کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
کالجیم نظام کے تحت سپریم کورٹ کے پانچ سینئر ترین جج بشمول چیف جسٹس سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس میں ججوں کی تقرری اور تبادلوں کا فیصلہ کرتے ہیں۔