نیپال : اگنی پتھ اسکیم کے تحت ہندوستانی فوج میں گورکھوں کی بھرتی پر روک
نئی دہلی، اگست 26: ہندوستانی آرمی چیف جنرل منوج پانڈے کی نیپالی فوج کا اعزازی جنرل رینک حاصل کرنے کے لیے آمد سے چند دن پہلے کھٹمنڈو نے ‘اگنی پتھ اسکیم’ کے تحت ہندوستانی فوج میں گورکھوں کی بھرتی کو روک لگاکر 75 سال پہلے شروع ہونے والی مشق کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
دونوں ممالک کے آرمی چیف کی باہمی بنیادوں پر دوسری طرف کے اعزازی جنرل ہونے کا رواج اتنا ہی پرانا ہے جتنا کہ ہندوستانی فوج میں گورکھا بھرتی کا۔ اس مقصد کے لیے 5 ستمبر کو جنرل پانڈے کی نیپال آمد اور گورکھوں کی ہندوستانی فوج میں بطور’اگنی ویر’ بھرتی پر ابھرتی ہوئی غیر یقینی صورتحال دونوں ملکوں کے لیے فال نیک نہیں ہے۔
بدھ کے روز، نیپال کے وزیر خارجہ نارائن کھڑکا نے نیپال میں ہندوستان کے سفیر نوین سریواستو کو مطلع کیا کہ اگنی پتھ اسکیم کے تحت گورکھوں کی بھرتی 9 نومبر 1947 کو نیپال، ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان طے پانے والے سہ فریقی معاہدے کی دفعات کے مطابق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھٹمنڈو سیاسی جماعتوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ وسیع تر مشاورت کے بعد اس معاملے پر حتمی فیصلہ کرے گا۔ وزارت خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ وزیر خارجہ نارائن کھڑکا نے سریواستو کو یہ بھی بتایا کہ 1947 کا معاہدہ، جس کی بنیاد پر ہندوستانی فوج میں گورکھوں کی تقرری کی جاتی ہے، اگنی پتھ اسکیم کے تحت ہندوستان کی نئی بھرتی کی پالیسی کو تسلیم نہیں کرتا، اور اس طرح نیپال کو "نئے انتظامات” کے اثرات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ نتیجے کے طور پر، ایک ماہ پر محیط بھرتی کا عمل، جو جمعرات کو شروع ہونا تھا اور نیپال بھر کے مختلف مراکز پر 29 ستمبر کو ختم کیا جانا تھا، کوغیر معینہ مدت کے لیے روک دیاگیا ہے۔ نئی دہلی نے چھ ہفتے قبل کھٹمنڈو سے تعاون اور بھرتی کے لیے منظوری کے لیے رابطہ کیا تھا، جو کووڈ-19 وبائی امراض کی وجہ سے دو سال کے وقفے کے بعد ہوا تھا۔
میٹنگ کے دوران، ذرائع نے بتایا، نیپال کی جانب سے واضح کیا گیا کہ اگنی پتھ کے تحت چار سال کی مدت کے لیے موجودہ بھرتی کی اسکیم 1947 کے معاہدے کی دفعات کے مطابق نہیں ہے۔ نیپال میں چار سال بعد ریٹائر ہونے پر گورکھا بھرتی ہونے والوں کے مستقبل کے بارے میں تشویش پائی جاتی ہے، اور ان بے روزگار نوجوانوں کی وجہ سے معاشرے پرمنفی اثرات پڑتے ہیں۔
نیپال کی پارلیمنٹ کی ریاستی تعلقات عامہ کی کمیٹی، جس میں اگنی پتھ اسکیم اور گورکھا بھرتی پر اس کے اثرات سمیت مختلف مسائل پر بحث کرنا تھی، کورم کی کمی کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا۔
وزیر خارجہ نارائن کھڑکا نے کہا کہ تمام فریقین بشمول بڑی سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کی رائے لی جانی ضروری ہے۔ وزارت کے ایک ذریعے نے بتایا کہ یہ حکومت کا حتمی فیصلہ نہیں ہے۔ ہم ایک وسیع تر مفاہمت کے بعد بھارتی حکومت سے گفت وشنید کریں گے۔
خیال رہے کہ نیپال سے گورکھوں کی بھرتی اس وقت کی برطانوی ہندوستانی فوج میں شروع ہوئی جب 1816 میں حکومت نیپال اور برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کے درمیان معاہدہ ساگولی پر دستخط ہوئے تھے۔ نومبر 1947 میں ہندوستان کے آزاد ہونے کے بعد یہ ایک سہ فریقی نظام بن گیا اور نیپال میں گورکھوں کو ہندوستانی فوج میں خدمات انجام دینے یا برطانیہ جانے کا انتخاب دیا گیا۔
دوسری طرف وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستانی فوج اگنی پتھ اسکیم کے تحت گورکھا فوجیوں کی بھرتی جاری رکھے گی۔باگچی نے کہاکہ ہم ایک طویل عرصے سے ہندوستانی فوج میں گورکھا سپاہیوں کو بھرتی کر رہے ہیں۔ ہم اگنی پتھ اسکیم کے تحت گورکھا سپاہیوں کو ہندوستانی فوج میں بھرتی کرنے کا عمل جاری رکھیں گے ۔اگنی پتھ اسکیم نوجوانوں کو چار سال کی مدت کے لیے ‘اگنی ویر’ کے طور پر بھرتی کرے گی۔ چار سال کے بعد ان میں سے 25 فیصد اہلکار فورس میں شامل کیے جائیں گے ۔
واضح رہے کہ مرکزی کابینہ نے 14 جون 2022 کو مسلح افواج میں بھارتی نوجوانوں کو ملک کی خدمت کرنے کے لئے ایک دلکش بھرتی اسکیم کو منظوری دی ہے جسے اگنی پتھ اسکیم کا نام دیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت منتخب کئے گئے نوجوانوں کو اگنی ویر کے نام سے جانا جائے گا۔ اگنی پتھ کے تحت وطن پرست اور جوش و جذبے سے مامور نوجوان چار سال کی مدت کے لئے مسلح افواج میں خدمات انجام دیں گے۔
حکومت ہند کے مطابق اگنی پتھ اسکیم کے تحت، اگنی ویروں کو متعلقہ سروس ایکٹ کے تحت چار سال کی مدت کے لیے افواج میں بھرتی کیا جائے گا۔ وہ مسلح افواج میں ایک الگ رینک حاصل کریں گے، جو کسی بھی دوسرے موجودہ رینک سے مختلف ہوگی۔ چار سال کی سروس کے مکمل ہونے پر ، تنظیمی تقاضوں اور مسلح افواج کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ پالیسیوں کی بنیاد پر، اگنی ویروں کو مسلح افواج میں مستقل اندراج کے لیے درخواست دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ ان درخواستوں پر ان کی چار سالہ مدت کار کے دوران کارکردگی سمیت دیگر بنیادوں پر غور کیا جائے گا اور اگنی ویروں کے ہر مخصوص بیچ میں سے 25فیصد تک کا مسلح افواج کے باقاعدہ کیڈرس میں اندراج کیا جائے گا۔ انتخاب مسلح افواج کے خصوصی دائرہ اختیار میں ہوگا۔ اس سال 46,000 اگنی ویر بھرتی کیے جائیں گے۔
تینوں خدمات کے لیے آن لائن سنٹرلائزڈ سسٹم کے ذریعے اندراج کیا جائے گا جس میں تسلیم شدہ تکنیکی اداروں جیسے صنعتی تربیتی ادارے اور نیشنل اسکلز کوالیفیکیشن فریم ورک، اور دیگر کے ساتھ خصوصی ریلیوں اور کیمپس انٹرویوز ہوں گے۔ اس میں اندراج ‘آل انڈیا آل کلاس’ کی بنیاد پر ہوگا اور اہل افراد کی عمر 17.5 سے 21 سال کے درمیان ہونی چاہئے۔ یہ اگنی ویروں مسلح افواج میں اندراج کے لیے طے کردہ طبی اہلیت کی شرائط کو پورا کریں گے جو کہ متعلقہ زمروں/کاروبار پر نافذ ہوتی ہیں۔ اگنی ویروں کے لیے تعلیمی قابلیت مختلف زمروں میں اندراج کے لیے رائج رہے گی۔