نیپال میں 6.3 شدت کے زلزلے سے چھ افراد ہلاک، دہلی میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے

نئی دہلی، نومبر 9: اے این آئی کے مطابق بدھ کو نیپال کے ڈوٹی ضلع میں 6.3 شدت کے زلزلے کے بعد چھ افراد کی موت ہو گئی۔

ڈوٹی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفس کے قائم مقام سربراہ بھولا بھٹہ کا حوالہ دیتے ہوئے پی ٹی آئی نے اطلاع دی کہ تباہ شدہ مکانات کا ملبہ گرنے کے سبب تمام چھ افراد ہلاک ہوئے۔ زلزلے کے باعث آٹھ رہائشی عمارتیں اور ایک پولیس چوکی منہدم ہو گئی۔

اس علاقے میں زلزلہ مقامی وقت کے مطابق 2.12 بجے یا ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق رات 1.57 بجے آیا۔ انڈیا کے نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

نیپال کے نیشنل سیسمولوجیکل سینٹر نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز ڈوٹی ضلع کے کھپتاد نیشنل پارک میں تھا۔

وزارت داخلہ کے ترجمان پھنیندرا پوکھریل نے بتایا کہ پانچ افراد کو شدید زخمی ہونے کے بعد ضلع اسپتال لے جایا گیا۔

نیپال کی فوج کے ترجمان نارائن سلوال نے کہا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ پوروی چاوکی علاقے میں گرنے والے مکان کے ملبے میں تین افراد دب گئے ہیں۔ تلاش اور بچاؤ کے کاموں کے لیے فوج پر دباؤ ڈالا گیا ہے۔

بدھ کو دہلی اور قومی راجدھانی خطہ کے دیگر شہروں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔