’’ناتھو رام گوڈسے ہندوستان کا سپوت تھا‘‘: مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے کہا

نئی دہلی، جون 10: مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے جمعہ کے روز ایم کے گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو ہندوستان کا ’’سپوت‘‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ مغل حکمرانوں بابر اور اورنگ زیب کی طرح حملہ آور نہیں تھا۔

بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر نے چھتیس گڑھ کے ضلع بستر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بیان دیا۔

سنگھ نے کہا ’’اگر گوڈسے گاندھی کا قاتل تھا تو وہ ہندوستان کا ایک قابل بیٹا بھی تھا۔ وہ ہندوستان میں پیدا ہوا تھا۔ وہ اورنگ زیب اور بابر کی طرح حملہ آور نہیں تھا۔ اور جو لوگ اپنے آپ کو بابر کی اولاد کہنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں وہ ہندوستان کے سچے سپوت نہیں ہو سکتے۔‘‘

بدھ کے روز مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے تبصرہ کیا تھا کہ ’’اچانک کچھ اضلاع میں اورنگ زیب کی اولاد نمودار ہوئی ہے۔ وہ اورنگ زیب کی تصویر دکھاتے ہیں اور ان کے بارے میں اسٹیٹس [سوشل میڈیا پر] دکھاتے ہیں۔ اس سے معاشرے میں بدامنی اور تناؤ پیدا ہو رہا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اورنگ زیب کی اتنی اولادیں اچانک کہاں سے آگئیں؟‘‘

نائب وزیر اعلیٰ نے یہ بیان کولہاپور شہر میں کشیدگی کے پس منظر میں دیا، جہاں اورنگ زیب اور 18ویں صدی کے میسور کے حکمران ٹیپو سلطان کے بارے میں سوشل میڈیا پوسٹس کے خلاف احتجاج پرتشدد ہو گیا۔

اس تبصرہ کے جواب میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے سوال کیا کہ کیا وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ گوڈسے کے بچے کون ہیں؟

گری راج سنگھ نے اویسی کے بیان کے جواب میں گوڈسے کے بارے میں یہ تبصرہ کیا ہے۔