نریندر مودی کو مصر کے اعلیٰ ترین سرکاری اعزاز سے نوازا گیا

نئی دہلی، جون 26: مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی کو ملک کے اعلیٰ ترین سرکاری اعزاز ’’آرڈر آف دی نیل‘‘ سے نوازا۔

مودی یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی ہیں۔

1915 میں شروع کیا گیا ’’آڈر آف دی نیل‘‘ ایوارڈ ان سربراہان مملکت، ولی عہد اور نائب صدور کو دیا جاتا ہے جو مصر یا انسانیت کی انمول خدمات پیش کرتے ہیں۔

مودی نے، جو مصر کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں، السیسی سے صدارتی محل میں ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماؤں نے بالمشافہ ملاقات کی۔

مودی نے کہا کہ ’’میں انتہائی عاجزی کے ساتھ ‘آرڈر آف دی نیل’ کو قبول کرتا ہوں۔ میں اس اعزاز کے لیے مصر کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ ہندوستان اور ہمارے ملک کے لوگوں کے تئیں ان کی گرم جوشی اور پیار کی نشان دہی کرتا ہے۔‘‘

اس اعزاز کے لیے مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ’’وزیراعظم نریندر مودی جی کی عالمی سطح پر سیاست داں کی حیثیت سے شاندار کامیابی اب ایک اور اعزاز سے مزین ہے کیوں کہ مصر نے اپنا اعلیٰ ترین سرکاری اعزاز ‘دی آرڈر آف نیل ایوارڈ’ انھیں دیا ہے۔ مودی جی واحد ہندوستانی وزیر اعظم ہیں جنھیں دوسرے ممالک سے اس طرح کے زیادہ سے زیادہ ایوارڈ ملے ہیں۔‘‘

وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے اسے ہندوستان کے لیے ایک ’’فخر کا لمحہ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ مودی کو اب تک 13 ممالک سے اعلیٰ ترین سول اعزازات ملے ہیں جن میں سے چھ مسلم اکثریتی ممالک سے ملے ہیں۔