میر واعظ عمر فاروق کو جمعے کو تاریخی جامع مسجد میں وعظ و تبلیغ کی اجازت دی جائے: انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر
نئی دہلی، اگست 25: انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر نے امید ظاہر کی ہے کہ میر واعظ عمر فاروق کو جمعے کے روز تاریخی جامع مسجد آکر وہاں وعظ وتبلیغ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
انجمن نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا: ‘امید ہے کہ میر واعظ عمر فاروق جو 05 اگست 2019سے مسلسل نظر بندہیں، کو لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا کے میر واعظ پر کوئی پابندی عائد نہیں ہیں، کے دعوے کے بعد حکام کی طرف سے جمعے کے روز جامع مسجد میں وعظ و تبلیغ کی اجازت دی جائے گی’۔
بیان میں کہا گیا کہ میر واعظ کی مسلسل نظر بندی کے باعث جامع مسجد کا منبر گذشتہ تین برسوں سے خاموش ہے۔
انجمن نے اپنے بیان میں کہا: ‘سماج کے جملہ طبقوں کی بار ہا اپیلوں کے باوجود میر واعظ عمر فاروق مسلسل نظر بند کر کے رکھے گئے ہیں جس سے لوگوں کو صدمہ پہنچ رہا ہے’۔
بیان میں کہا کہ جامع میں میر واعظ عمر فاروق کے جمعہ خطبے کے لئے تمام تیاریوں کو مکمل کیا گیا ہے اور لوگوں کو ان کی رہائی اور ان کے خطاب کو پھرسے سننے کا بے صبری سے انتظار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے حال ہی میں بی بی سی ہندی سروس کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھاکہ میر واعظ عمر فاروق پرکسی طرح کی پابندی عائد نہیں ہے۔