مرکزی انتخابات 2024: ووٹ دینا یقینی بنائیں

رائے دہندگی میں غیر تعلیم یافتہ افراد مستعد اور تعلیم یافتہ طبقہ لاپرواہی کا شکار

اسد مرزا
سینئر سیاسی تجزیہ نگار

سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا بہترسے بہتر استعمال کرکے رجحانات بدلے جاسکتے ہیں
بھارت میں انتخابی میلہ ایک بار پھر لگ چکا ہے اور 19؍ اپریل سے شروع ہونے والی اس زبردست مہم کے پہلے مرحلے کے ساتھ ہی سیاسی پنڈت ایک بار پھر حیران ہیں کہ بھارتی مسلمان ووٹ کیسے ڈالیں گے۔ اگر ہم گزشتہ دو عام انتخابات کے نتائج کا تجزیہ کریں تو اندازہ ہوتا ہے کہ قومی سطح پر کوئی بھی مسلم پارٹی مسلم ووٹروں کو قابل ذکر تعداد میں راغب کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ بلکہ یہ الٹا کئی جگہوں پر ووٹ تقسیم کرانے والے ثابت ہوئے۔
2019 کے لوک سبھا انتخابات کے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ویب سائٹ پر دستیاب ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ حکم راں بی جے پی نے ملک میں 40 سیٹوں پر بہت کم ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔اس کی 303 نشستوں پر فتح ہوئی تھی، ان میں سے تقریباً 40 نشستوں پر پچاس ہزار ووٹوں سے بھی کم مارجن سے کامیابی حاصل کرسکی تھی۔ اسے عام طور پر رائے پلٹنے والا مارجن سمجھا جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر مارجن کو الٹ دیا جائے، تو بی جے پی کی کل نشستوں کی تعداد صرف 263 تک رہ جاتی ہے۔ ان 40 نشستوں پر بی جے پی 11 میں کانگریس کے خلاف، چھ بہوجن سماج پارٹی، سماج وادی پارٹی، بیجو جنتا دل کے خلاف۔ چار ترنمول کانگریس، دو راشٹریہ لوک دل، ایک ایک آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ، جھارکھنڈ مکتی مورچہ، جنتا دل (سیکولر) اور ایک آزاد کے خلاف تھی۔ مزید برآں، ان میں سے 14 وہ نشستیں شامل ہیں جو یو پی میں تھیں۔ یو پی کے حلقہ مچھلی شہر کو گزشتہ انتخابات میں صرف 181 ووٹوں سے بی جے پی کے رکن اسمبلی کو منتخب کرنے کا مشکوک اعزاز حاصل ہے۔ مجموعی طور پر اس کی 303 سیٹوں میں سے بی جے پی نے 77 سیٹوں پر ایک لاکھ سے بھی کم ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
موجودہ پس منظر میں ان حقائق کے پیش نظر سیکولر پارٹیوں، بالخصوص مسلم لیڈروں کی حکمت عملی یہ ہونی چاہیے کہ وہ ان اہم سیٹوں پر توجہ مرکوز کریں اور بی جے پی کے خلاف رائے بنانے کی کوشش کریں۔ اگر ہم ان کوششوں میں کوئی کمی محسوس کرتے ہیں تو ان کے دانشوروں اور ماہرین کو جو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارموں پر بہت سرگرم رہتے ہیں اور مختلف آراء سے اپنے فالورس کو سیٹ دیتے رہتے ہیں انہیں مسلم ووٹروں کو الیکشن کے دن مثبت انداز میں اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے آمادہ کرنا چاہیے۔
آج کے زمانے میں سوشل میڈیا کی اہمیت کا انکار نہیں کیا جاسکتا۔ میڈیا کی اہمیت پر الجزیرہ کی ایک حالیہ رپورٹ ہماری توجہ اس جانب مبذول کرواتی ہے کہ اس کا استعمال غلط معلومات پھیلانے اور ووٹروں میں اسلاموفوبیا کو بڑھانے کے لیے کیسے کیا جاتا ہے۔
ہندوستان میں 460 ملین سے زیادہ یوٹیوب صارفین ہیں جو اسے پلیٹ فارم کی سب سے بڑی مارکیٹ بناتا ہے، ہندوستان میں پانچ میں سے چار انٹرنیٹ صارفین، یوٹیوب کا مواد استعمال کرتے ہیں اور اسے بڑی حد تک سچ بھی مانتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اکثر یہ یوٹیوب چینل نئی معلومات کی آڑ میں غلط معلومات پھیلاتے ہیں۔ ان میں سے کچھ یوٹیوب نیوز چینلز تیزی سے غلط معلومات اور اسلاموفوبیا کی پیشکش بھی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں، جو اکثر پی ایم مودی اور ان کی پارٹی، بی جے پی کے ناقدین اور اپوزیشن رہنماؤں کو نشانہ بناتے ہیں۔
تاہم، جو چیز ان چینلز کو منفرد بناتی ہے وہ یہ ہے کہ وہ نیوز چینلز ہونے کے ساتھ ساتھ حقیقت پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کا دعویٰ بھی کرتے ہیں۔ مودی کے حریف سیاست دانوں کا مذاق اڑانے اور ان پر حملہ کرنے سے لے کر ہندوؤں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے مسلمانوں کے بارے میں سازشی نظریات پیش کرنے تک، یہ چینلز اکثر بی جے پی کی اپنی مہم کی کوششوں کی تکمیل کرتے ہیں۔ یہ چینلز، گو کہ مرکزی دھارے کے نیوز چینلز سے کم مشہور ہیں، لیکن ان کے لاکھوں ناظرین ہیں جو ثابت کرتے ہیں کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں کس طرح کی خبروں کا استقبال کیا جاتا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ NMF نیوز، جس کا ملک کے سب سے ٹاپ 100 یوٹیوب نیوز اورپولیٹیکل چینلز میں شمار ہوتا ہے، اس کے 18.2 ملین سبسکرائبرز ہیں جن کی تعداد 8.1 بلین سے زیادہ ہے۔ 8.83 ملین سبسکرائبرز کے ساتھ ہیڈ لائنز انڈیا کے تقریباً 3 بلین ناظرین ہیں۔ راج دھرم نیوز کے 3.2 ملین سبسکرائبرز کے ساتھ تقریباً 0.9 بلین ناظرین ہیں۔
اتنی وسیع رسائی کے ساتھ یہ خدشات بہت زیادہ ہیں کہ اس طرح کے خبروں کے آؤٹ لیٹ کس طرح تاثرات اور عوامی آراء کو تشکیل دے سکتے ہیں، خاص طور پر انتخابی موسم کے دوران؟ دیگر مطالعات سے بھی پتہ چلتا ہے کہ ہندوستانی مرکزی دھارے کے ذرائع ابلاغ کی طرف سے دی جانے والی خبروں کے مقابلے میں یوٹیوب اور واٹس ایپ پر دیکھنے والی خبروں پر زیادہ اعتماد کرتے ہیں۔ پہلے ہی ورلڈ اکنامک فورم کی 2024 گلوبل رسک رپورٹ نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ ہندوستان کو جس چیز سے سب سے زیادہ خطرے کا سامنا ہے وہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کا ذخیرہ ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ نئی دہلی میں قائم ڈیٹا لیب نریٹیو ریسرچ لیب کی طرف سے کی گئی ایک تحقیق جو پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا مواد کو ٹریک کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کرتی ہے، NRL نے چھ چینلز NMF، Rajdharma, Headlines انڈیا، شائننگ انڈیا، کیپٹل ٹی وی اور او نیوز ہندی پر مواد کا تجزیہ کیا، اور پتہ چلا کہ ہندوستان کی اپوزیشن پارٹیاں ان کی کوریج پر خاموش تھیں اور اس کے لیڈر تقریباً ان چینلز پر غائب تھے۔ اس کے برعکس، مودی اور بی جے پی بڑے پیمانے پر نظر آئے، ان کی کوریج تقریباً ہمیشہ زیادہ رہتی ہے۔
لیب نے 22 دسمبر 2023 اور 22 مارچ 2024 کے درمیان ان چینلز کی طرف سے شائع ہونے والی 2,747 ویڈیوز کا تجزیہ کیا۔ ان کے نتائج میں لیب نے پایا کہ تمام چینلز پر عنوانات میں اکثر استعمال ہونے والے کچھ الفاظ تھے "مودی”، ” بی جے پی” اور "یوگی” جب کہ اپوزیشن جماعتوں اور رہنماؤں کا ذکر بہت کم کیا گیا تھا۔لیب کی طرف سے ’’جذبات کے تجزیے‘‘ سے پتا چلا ہے کہ جب ’’مودی‘‘ کا استعمال عام طور پر ان ویڈیوز میں کیا جاتا تھا جن میں منفی اور مثبت دونوں جذبات ہوتے تھے، ہندوستان کی اپوزیشن شخصیات جیسے راہل گاندھی، زیادہ تر منفی جملوں میں نظر آتے تھے۔
نیریٹیو ریسرچ لیب کے شریک بانی سندیپ ناروانی نے الجزیرہ کو بتایا کہ ان چینلز نے منفی ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے ’’ذریعہ‘‘ کے طور پر ایک مفید مقصد پیش کیا ہے اور اپنا مقام بنایا ہے۔ آزاد صحافی نیل مادھو، جو کہ نئی دہلی میں قائم کاروان میگزین کے لیے ان چینلز کے کام کے بارے میں ایک ایوارڈ یافتہ تحقیقات کے شریک مصنف تھے، الجزیرہ کو بتایا کہ ان میں سے بہت سے چینلز بی جے پی کے سوشل میڈیا پیغام رسانی کا ’’ایک لازمی حصہ‘‘ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکثر بی جے پی سوشل میڈیا ان چینلز سے پوسٹ ویڈیوز ہینڈل کرتی ہے۔ ’’اس کے علاوہ، بی جے پی کے ہمدرد پارٹی کے سوشل میڈیا آپریٹس کا استعمال کرتے ہوئے ان ویڈیوز کو اپنے کارکنوں میں پھیلاتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس طرح چینلز کو ان کی رسائی کو بڑھانے میں مدد ملتی ہے اور اس کے نتیجے میں، کلکس اور ویوز سے آمدنی ہوتی ہے۔
مجموعی طور پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ 2024 کے انتخابات نہ صرف صحافیوں کی طرف سے اوپر دیے گئے مشکل کام کے پیش نظر اہم ہیں، بلکہ غلط معلومات پھیلانے کے سسٹم کو روکنے کے ساتھ ساتھ اقلیتی برادری کے لیے بھی اہم ہیں کہ وہ الیکشن کے دن پولنگ بوتھ پر اپنی موجودگی کو یقینی بنا کر متحد حکمت عملی، غیر متزلزل رویہ کے ساتھ یقینی طور پر ووٹ ڈالیں۔ ملک میں اقلیتوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں، بصورت دیگر ایسے پیغامات جو فی الحال واٹس ایپ یونیورسٹی پر موجود ہیں اور ان میں جو خوف ناک میسج دیے جا رہے ہیں وہ حقیقت میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔
***

 

***

 ’’پچھلے دو انتخابات کے دوران ہندوستان میں ایک پریشان کن بات یہ دیکھنے میں آئی ہے کہ ان پڑھ اور دیہی ووٹرز اپنا حق رائے دہی بخوبی استعمال کرتے ہیں لیکن شہری رائے دہندگان بشمول اعلیٰ تعلیم یافتہ طبقہ ووٹ ڈالنے سے گریز کرتا ہے اور پھر نتائج پر ماتم بھی کرتا ہے۔ اور اب جاری الیکشن میں ہر کسی کے لیے اور خاص طور پر مسلمانوں کے تعلیم یافتہ طبقے کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ اگر وہ اپنی اور اپنی ال اور اولاد کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہتے ہیں اور ملک کی آئینی اور سیکولر اقدار کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں تو بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں‘‘


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 05 مئی تا 11 مئی 2024