منی پور تشدد: امت شاہ نے کوکی گروپس سے 15 دن تک امن برقرار رکھنے کی اپیل کی

نئی دہلی، مئی 31: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو کوکی گروپوں سے منی پور میں 15 دن تک امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔

شمال مشرقی ریاست میں 3 مئی سے میتی اور کوکیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپوں میں کم از کم 81 افراد ہلاک، 200 سے زائد زخمی اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔

وزیر داخلہ منی پور کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ کوکی سول سوسائٹی گروپس اور چورا چند پور ضلع میں دیگر قبائلی رہنماؤں کے ساتھ ایک میٹنگ میں شاہ نے کہا کہ لوگوں کی حفاظت کے لیے مزید سیکیورٹی اہلکار روانہ کیے جائیں گے۔

انڈیجینس ٹرائبل لیڈرز فورم کی ترجمان گینزا وولزونگ نے کہا ’’انھوں نے ریاست کے قبائلیوں کے لیے ایک مستقل سیاسی حل کی یقین دہانی کرائی اور 15 دن کے امن کا مطالبہ کیا۔ جیسا کہ درخواست کی گئی، ہم امن برقرار رکھیں گے۔ لیکن اگر ہم پر حملہ ہو رہا ہے تو ہمیں اپنا دفاع کرنا ہو گا۔‘‘

زومی اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے ترجمان لال نگائیتھ نے کہا کہ قبائلی اداروں نے منی پور میں صدر راج نافذ کرنے اور کوکی کے لیے علاحدہ انتظامیہ سمیت کئی مطالبات پیش کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم بھی امن چاہتے ہیں ’’لیکن اب ہمیں منی پور حکومت پر بھروسہ نہیں رہا۔‘‘

انڈیجینس ٹرائبل لیڈرز فورم کے جنرل سکریٹری موان ٹومبنگ نے دی ہندو کو بتایا کہ وزیر داخلہ نے کوکی گروپس پر یہ بھی زور دیا کہ وہ اپنے ہتھیار پھینک دیں۔

ٹومبنگ نے کہا ’’ہم نے انھیں بتایا کہ یہ اپنے دفاع کے لیے لائسنس یافتہ ہتھیار ہیں۔ ہم نے انھیں بتایا کہ جب تک میتی گروپس پولیس کے اسلحہ خانے سے لوٹے گئے ہتھیاروں کو پولیس کے حوالے نہیں کرتے، ہم ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔‘‘

3 مئی سے اب تک پولیس کیمپوں سے کم از کم 1,420 ہتھیار اور گولہ بارود لوٹ لیا گیا ہے۔ ان میں سے اب تک 500 کے قریب بازیاب ہو چکے ہیں۔

چورا چند پور میں میٹنگ سے پہلے شاہ نے امپھال میں میتی گروپوں کے ساتھ بات چیت کی۔

منی پور کی سالمیت پر رابطہ کمیٹی کے رکن جیتندر ننگومبا نے کہا کہ ان کی تنظیم اور میرا پائیبیس کے نمائندوں نے شاہ سے کہا کہ وہ ریاست کی علاقائی اور انتظامی سالمیت کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کریں۔

انھوں نے کوکی عسکریت پسند تنظیموں کے ساتھ مرکز اور ریاستی حکومت کے درمیان جنگ بندی کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

میتی لیڈروں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے انھیں یقین دلایا ہے کہ منی پور کی علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ امپھال میں میٹنگوں میں موجود تھے، لیکن وہ وزیر داخلہ کے ساتھ چورا چند پور نہیں گئے۔