بھارت پاکستان ٹی 20 میچ کے بعد پنجاب کے کالج میں مبینہ طور پر کشمیری طلبا کے کمروں میں توڑ پھوڑ کی گئی
نئی دہلی، اکتوبر 25: پنجاب کے سنگرور شہر کے ایک انجینئرنگ کالج کے کشمیری طلباء نے الزام لگایا ہے کہ اتوار کو آئی سی سی ٹی-ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک-بھارت میچ کے بعد ان پر حملہ کیا گیا اور ان کے ہاسٹل کے کمروں میں توڑ پھوڑ کی گئی۔
اتوار کی شام دبئی میں ہونے والے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد پولیس نے بھائی گرداس انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں حالات کو قابو میں کیا۔ تاہم پولیس نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان نہیں دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ایک طالب علم کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ میچ کے بعد ان پر ’’یو پی والے‘‘ (اتر پردیش کے لوگوں) نے حملہ کیا۔
طالب علم نے ویڈیو میں کہا ’’آپ کمرے پر ایک نظر ڈال سکتے ہیں … ہم یہاں میچ دیکھ رہے تھے۔ یوپی والے اندر گھس آئے… ہم یہاں پڑھنے آئے ہیں، ہم بھی ہندوستانی ہیں۔ کیا ہم ہندوستانی نہیں ہیں؟‘‘
کالج کے ایک طالب علم عاقب نے فری پریس کشمیر کو بتایا کہ اتر پردیش اور بہار کے طلباء ان کے کمروں میں گھس گئے اور ان پر ڈنڈوں سے حملہ کیا۔
ایک اور طالب علم شعیب نے نیوز ویب سائٹ کو بتایا ’’ہم اپنے ہاسٹل کے کمروں میں تھے جب ہم نے باہر سے کچھ شور سنا۔ ہم یہ دیکھنے گئے کہ کیا ہو رہا ہے اور کچھ لوگوں کو دوسرے بلاک میں کشمیری طلبا پر حملہ کرتے دیکھا۔ انھوں نے اپنے کمروں کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے تھے اور مسلسل ’’تم پاکستانی ہو‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔
جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے ترجمان ناصر خوحامی نے کہا کہ انھیں پنجاب کے دیگر کالجوں میں بھی کشمیری طلبا کی طرف سے تشویش کن فون کالز موصول ہوئی ہیں۔