آرین خان کو شاہ رخ خان کا بیٹا ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیاہے: دگ وجے سنگھ

نئی دہلی، اکتوبر 24: سینئر کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ نے ہفتہ کے روز دعویٰ کیا کہ آرین خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اس لیے ’’شکار‘‘ بنایا ہے کیوں کہ وہ شاہ رخ خان کا بیٹا ہے۔ معلوم ہو کہ آرین خان کو مرکزی ایجنسی نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز پارٹی پر چھاپے کے بعد گرفتار کیا تھا۔

ایجنسی نے بتایا کہ اس نے جہاز سے 13 گرام کوکین، 5 گرام میفیڈرون، 21 گرام چرس، ایم ڈی ایم اے (ایکسٹسی) کی 22 گولیاں اور 1.3 لاکھ روپے ضبط کیے ہیں۔

دگ وجے سنگھ نے ہفتے کے روز ایک ٹویٹ میں کہا ’’یہ افسوسناک ہے کہ شاہ رخ کے بیٹے کو ان کا بیٹا ہونے کے سبب نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس کا جرم کیا ہے؟ اس کے ساتھ آنے والے کسی کے ساتھ 5 گرام منشیات تھیں !! مندرا پورٹ پر پکڑی گئی کئی ٹن ہیروئن کا کیا ہوا؟‘‘

ستمبر میں ڈائریکٹوریٹ آف ریوینیو انٹلی جنس اور کسٹم ڈیپارٹمنٹ نے گجرات کے مندرا پورٹ پر دو کنٹینرز سے ایک اندازے کے مطابق 21،000 کروڑ روپے کی منشیات ضبط کی تھیں۔

وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کی مدھیہ پردیش یونٹ نے اس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس لیڈر نے عدالت کے فیصلے کا انتظار کیے بغیر آرین خان کے کیس میں اپنا فیصلہ سنا دیا۔

بی جے پی کی مدھیہ پردیش یونٹ نے ٹویٹر پر کہا ’’آخر کار دگ وجے سنگھ آرین خان کو بچانے سامنے آئے۔ معاملہ زیر سماعت ہے، تحقیقاتی ایجنسی حقائق کی جانچ کر رہی ہے لیکن سنگھ نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ آخر آپ کب تک خوشامد کی سیاست کرکے لوگوں کو گمراہ کرتے رہیں گے؟‘‘

بی جے پی کے ایم ایل اے رامیشور شرما نے کہا کہ دگ وجے سنگھ کو ہندوستان کی عدلیہ پر بھروسہ ہونا چاہیے۔