کرناٹک: سورتھکل میں مسلم شخص کے قتل کے الزام میں چھ گرفتار

نئی دہلی، اگست 2: دی نیوز منٹ کی خبر کے مطابق منگلورو پولیس نے منگل کے روز جنوبی کنڑ ضلع کے سورتھکل شہر میں ایک 23 سالہ مسلمان شخص کے قتل کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

محمد فاضل کو 26 جولائی کو بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے ضلع سکریٹری پروین نیتارو کو بیلارے گاؤں میں دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں کے ہاتھوں مارے جانے کے دو دن بعد ہلاک کر دیا گیا تھا۔

حملے کی سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں فاضل کو ایک کپڑے کی دکان سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔ چند لمحوں بعد مردوں کے ایک گروپ نے اس کا پیچھا کیا اور اس پر ہتھیاروں اور دکان کے باہر رکھے ہورڈنگز سے حملہ کیا۔

منگل کے روز منگلورو کے پولس کمشنر ششی کمار نے چھ ملزمین کی شناخت سہاس شیٹی (29)، موہن (26)، گریدھر (23)، ابھیشیک (21)، سری نواس (23) اور 21 سالہ دکشت کے طور پر کی۔

کمار کے مطابق شیٹی نے ان افراد کی قیادت کی اور حملے سے پہلے کچھ دنوں تک انھوں نے فاضل پر کڑی نظر رکھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ تمام ملزمان مشترکہ دوستوں کے ذریعے ایک دوسرے کو جانتے تھے۔

دی نیوز منٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ شیٹی کے خلاف چار مقدمات زیر التوا ہیں، جن میں سے ایک مسلم مردوں پر حملہ کرنے سے متعلق ہے اور ایک قتل کا مقدمہ 2010 کا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جب کمار سے پوچھا گیا کہ کیا فاضل کو نیتارو کے قتل کے بدلے میں مارا گیا تھا، تو منگلورو کے پولیس کمشنر نے کہا کہ فاضل کے قتل کے مقصد کا پتہ لگانے کے لیے مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل اتوار کو پولیس نے حملہ آوروں کی جانب سے قتل کرنے کے لیے استعمال کی گئی کار کے مالک کو گرفتار کر لیا تھا۔ اس کی شناخت سورتھکل کے کوڈیکیرے کے رہنے والے اجیت کراستا کے طور پر ہوئی ہے۔