کرناٹک انتخابات: بی جے پی نے حجاب پر پابندی کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کو ’’دہشت گرد‘‘ کہنے والے شخص کو ٹکٹ دیا

نئی دہلی، اپریل 12: بھارتیہ جنتا پارٹی نے منگل کے روز حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو ’’دہشت گرد‘‘ کہنے والے یشپال سوورنا کو ریاستی اسمبلی انتخابات میں اڈوپی حلقہ کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔

سوورنا اُڈپی گورنمنٹ پی یو گرلز کالج کی ڈیولپمنٹ کمیٹی کی نائب صدر ہیں، جو پچھلے سال کلاس رومز میں حجاب پہننے سے روکے جانے کے بعد طالبات کے احتجاج کا اہم مقام تھا۔

جب احتجاج ریاست کے دیگر حصوں میں پھیل گیا تھا تو بی جے پی حکومت نے طلبا پر یہ کہتے ہوئے حجاب پہننے پر پابندی لگا دی کہ ایسے لباس نہ پہنیں جو ’’مساوات، سالمیت اور امن عامہ کو بگاڑتے ہیں۔‘‘

احتجاج کے دوران سوورنا نے کہا تھا کہ حکومت کے حجاب پر پابندی کے حکم کے خلاف عدالت میں جانے والی چھ طالبات ’’دہشت گرد‘‘ ہیں۔ منگل کو سورونا نے کہا کہ وہ اب بھی وہی نظریہ رکھتے ہیں کہ جو ملک کے قانون کی پابندی نہیں کرتے وہ ملک دشمن ہیں۔

دی انڈین ایکسپریس کے مطابق سوورنا کے خاندان کے افراد ہندوتوا کے نظریاتی سرپرست راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے رکن رہے ہیں۔

اپنے کالج کے دنوں میں سوورنا ہندوتوا تنظیم بجرنگ دل میں شامل ہونے سے پہلے، آر ایس ایس کے طلبہ ونگ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کے رکن تھے۔

بی جے پی نے منگل کو جب اپنے امیدواروں کی فہرست کا اعلان کیا تو اس نے پارٹی کے موجودہ ایم ایل اے رگھوپتی بھٹ کو چھوڑ کر سورنا کو ٹکٹ دیا ہے۔ بی جے پی نے منگل کو اعلان کردہ اپنے 189 امیدواروں کی فہرست میں کسی مسلمان کا نام نہیں شامل کیا ہے۔

224 رکنی کرناٹک اسمبلی کے لیے 10 مئی کو انتخابات ہوں گے۔ ووٹوں کی گنتی 13 مئی کو ہوگی۔