جمہوریت کو فروغ دینے کے لیے عدلیہ کی آزادی ضروری ہے: کرن رجیجو

نئی دہلی، جنوری 20: مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو نے جمعرات کو کہا کہ مرکز عدلیہ کی آزادی کا احترام کرتا ہے اور محسوس کرتا ہے کہ یہ ترقی پذیر جمہوریت کے لیے بالکل ضروری ہے۔

رجیجو نے کہا ’’عدلیہ ملک کے لیے کام کرتی ہے اور مقننہ اور ایگزیکیٹو بھی قوم کے لیے کام کرتے ہیں۔ ان کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کے بغیر ہم ملک کو عظیم نہیں بنا سکتے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ ایسے تبصرے یا بیانات دے رہے ہیں جس سے عدلیہ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

مرکزی وزیر کا یہ بیان ملک میں عدالتی تقرریوں کے عمل پر حکومت اور عدلیہ کے بیچ کشمکش کے درمیان آیا ہے۔

گذشتہ ہفتے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کو لکھے ایک خط میں رجیجو نے اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں کے عمل میں ایک سرکار کی جانب سے نامزد شخص کو شامل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

جمعرات کو رجیجو نے کہا کہ کالجیم نظام اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اس کا متبادل نظام قائم نہیں ہو جاتا۔

دی ہندو کے مطابق رجیجو نے کہا ’’ہمیں موجودہ نظام کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے اور اس نظام کو آئینی بنچ کی خواہشات کے مطابق کچھ اپ ڈیٹ اور تنظیم نو کی ضرورت ہے۔ میں نے پہلے ہی چیف جسٹس [ڈی وائی چندر چوڑ] سے مشاورت کرکے کچھ مثبت قدم اٹھائے ہیں۔‘‘

اپنے خط میں رجیجو نے یہ بھی کہا ہے کہ ججوں کی تقرری سے متعلق ایک تازہ ترین میمورنڈم آف پروسیجر ابھی بھی ’’حتمی شکل میں زیر التواء ہے‘‘ اور اس کے بارے میں تجاویز دیں کہ اس عمل کو کس طرح ہموار کیا جا سکتا ہے۔

وزیر قانون نے نوٹ کیا کہ سپریم کورٹ کے ایک آئینی بنچ نے 2014 میں نیشنل جوڈیشل اپوائنٹمنٹ کمیشن ایکٹ کو ختم کرتے ہوئے میمورنڈم آف پروسیجر کی تنظیم نو کا مطالبہ کیا تھا۔

نیشنل جوڈیشل اپائنٹمنٹ کمیشن کو نریندر مودی حکومت نے 2014 میں اقتدار میں آنے کے فوراً بعد متعارف کرایا تھا۔ کمیشن کو اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں کے کالجیم نظام کو تبدیل کرنا تھا۔

حکومت نے چیف جسٹس، سپریم کورٹ کے دو سینئر ججز، وزیر قانون اور چیف جسٹس، وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کی طرف سے نامزد کردہ دو دیگر نامور شخصیات پر مشتمل ایک باڈی کے ذریعے عدالتی تقرریاں کرنے کی تجویز دی تھی۔

موجودہ کالجیم نظام کے تحت سپریم کورٹ کے سب سے سینئر جج بشمول چیف جسٹس، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس میں ججوں کی تقرری اور تبادلوں کا فیصلہ کرتے ہیں۔

میمورنڈم آف پروسیجر ایک دستاویز ہے جو حکومت کی طرف سے چیف جسٹس آف انڈیا کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے، جو سپریم کورٹ اور مختلف ہائی کورٹس میں ججوں کی تقرری کا طریقہ کار بتاتی ہے۔ اسے پہلی بار نومبر 1947 میں جاری کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے اسے اپ ڈیٹ کیا جاتا رہا ہے۔

حالیہ مہینوں میں کرن رجیجو نے بار بار تقرریوں کے موجودہ کالجیم نظام پر تنقید کی ہے۔ 26 نومبر کو انھوں نے نیوز چینل ٹائمز ناؤ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ کالجیم نظام آئین کے مطابق نہیں ہے۔

وزیر نے مزید کہا کہ کالجیم حکومت سے یہ توقع نہیں کر سکتا کہ وہ تمام سفارشات کو قبول کر لے۔

11 جنوری کو نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے بھی کہا تھا کہ سپریم کورٹ کا نیشنل جوڈیشل اپوائنٹمنٹ کمیشن ایکٹ کو ختم کرنے کا فیصلہ نامناسب تھا۔

انھوں نے کہا کہ کوئی بھی ادارہ عوام کے مینڈیٹ کو بے اثر کرنے کی طاقت یا اختیار نہیں رکھ سکتا۔

8 دسمبر کو سپریم کورٹ نے مرکز سے کہا تھا کہ اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کا کالجیم نظام زمین کا قانون ہے اور اس پر عمل کیا جانا چاہیے۔